یو این آئی
ریو ڈی جنیرو//برازیلی فٹبال اسٹار نیمار ہفتے کے روز فورٹالیزا کے خلاف سینٹوس کے گھریلو میچ میں چوٹ سے صحتیابی کے بعد میدان میں واپسی کر سکتے ہیں، کیونکہ کلب برازیلیائی سیری اے سے ریلیگیشن سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔ 33 سالہ نیمار نے جمعہ کو سینتوس کی پہلی ٹیم کے ساتھ مشق میں حصہ لیا، اور اْمید ہے کہ مینیجر کھوان پابلو ووجوڈا انہیں میچ کے دن اسکواڈ میں شامل کریں گے۔ مقامی خبر رساں ادارے گلوبو اسپورٹے کے مطابق، بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق فارورڈ نیمار ویلا بیلمیرو اسٹیڈیم میں ہونے والے میچ کے آخری 15 منٹ میں کھیل سکتے ہیں۔ 18 ستمبر کو ٹریننگ کے دوران جانگھ میں چوٹ لگنے کے بعد سے نیمار نے کوئی میچ نہیں کھیلا ہے۔ برازیل کے تاریخ کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی اگلے سال 11 جون سے 19 جولائی تک امریکہ، میکسیکو اور کینیڈا میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ سے پہلے اپنی فارم اور فٹنس دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اکتوبر 2023 میں گھٹنے میں شدید چوٹ لگنے کے بعد سے انہوں نے برازیل کی قومی ٹیم کے لیے کوئی میچ نہیں کھیلا، اور ٹیم کے مینیجر کارلو اینچیلوتی نے کہا ہے کہ صرف مکمل طور پر فِٹ کھلاڑیوں پر ہی ورلڈ کپ کے لیے غور کیا جائے گا۔ نیمار نے اس سیزن میں 13 لیگ میچ کھیلے ہیں اور تین گول کیے ہیں۔ آٹھ مرتبہ کی برازیلی سیری اے چیمپئن ٹیم سینٹوس 29 میچوں کے بعد ریلیگیشن زون سے صرف ایک پوائنٹ اوپر ہے۔