بانہال // ضلع رام بن کے پیڑاہ علاقے میں جمعہ کے روز انسانیت ایکبار پھر شرمسار ہوگئی اور ایک بارہ سالہ معصوم بچی کو رات بھرایک مجرم نے اپنی تحویل میں رکھکر عصمت دری کا نشانہ بنایا ہے۔ اتوار کے روز پولیس نے لڑکی کی والدہ کی تحریری شکایت پر ملزم کو گرفتار کرلیا اور پیر کے روز چندرکوٹ پولیس کی نگرانی میں لڑکی کو ڈاکٹری جانچ کیلئے سب ضلع ہسپتال بانہال پہنچایا گیا جہاں گائینکالوجسٹ نے لڑکی کی جانچ کی ہے ۔ پولیس نے چھوٹو رام ولد مول راج عمر بیس سال ساکنہ ہیمن ، پیڑاہ کو اتوار کی شام حراست میں لیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔ جمعہ کی شام مغرب کی اذان کے بعد متاثرہ لڑکی اپنے گھر سے تھوڑی سے دوری پر واقع اپنی خالہ کے گھر ٹیلویژن دیکھنے کیلئے گھرسے نکلی تھی کہ ایک سنسان نالے میں ملزم نے چاقو کی نوک پر اسے دبوچ لیا اور جھاڑیوں میں لے کر رات بھر اسکی عصمت ریزی کرتا رہا۔ لڑکی کوزبردستی لے جانے کی کوشش میں وہاں شور شرابہ ہوا اورمتاثرہ کی آٹھ سالہ بہن نے اس واقعہ کی اطلاع گھر میں دی ۔ لڑکی کے رشتہ دار لڑکی کو رات بھر ڈھونڈتے رہے لیکن کوئی سراغ نہیں ملا۔ جب انہوں نے ملزم چھوٹو رام ولد مول راج کے گھر جانے کی کوشش کی تو انہوں نے آنگن میں بندھا ہوا کتا کھلا چھوڑ دیا جس کی وجہ سے وہ گھر کے نزدیک نہیں جاسکے ۔ جمعہ اور سنیچر کی رات دو بجے کے قریبملزم علاقہ سے فرار ہو گیا۔ ہفتے کی صبح متاثرہ لڑکی گورنمنٹ مڈل سکول کڑما ، پیڑاہ کے باتھ روم کے پاس بے ہوشی کی حالت میں پائی گئی۔ اتوار کی صبح لڑکی کے والدین چندرکوٹ پولیس سٹیشن پہنچے جہاں پولیس نیمعاملہ درج کرکے ملزم گرفتار کرلیا ۔ متاثرہ لڑکی کے رشتہ داروں کا الزام ہے کہ علاقے کے کچھ لوگ اس واقع میں کیس درج کرنے کے بعدانہیں دھمکیاں دے رہے ہیں اور معاملے کو مذہبی رنگت دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ انہوں نے ملزم کو گرفتار کرلیا ہے اور لڑکی کے بیان قلمبند کرنے کے بعد پیر کے روز لڑکی کا میڈیکل چیک اپ کیا گیا ہے اور معاملے کی مزید تحقیقات شروع کی گئی ہے۔