کشتواڑ// پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ضلع اکائی کا ایک وفد ضلع صدر کشتواڑ شیخ ناصر کی سربراہی میں مرکز کی طرف سے مقرر کئے گئے مذاکراتکار دنیشور شرما سے ملا اور پارٹی کی ا کائی کی طرف سے ایک تحریری میمورینڈیم بھی پیش کیا۔ وفدمیں زونل صدر ارشد حسین گیری، سینئر لیڈران اشتیاق حسین وازہ، عبدالکبیر بٹ، جوگندر بھنڈاری، یوتھ سٹیٹ جنرل سیکریٹری عمر ملک، یوتھ ضلع صدر واسل ڈولوال، یوتھ ضلع کوآرڈی نیٹر نصیر احمد باغوان، محمد سلیم ، محمد اقبال اور محمد منور بٹ بھی شامل تھے۔یہاں جاری بیان کے مطابق وفد کی سربراہی کرتے ہوئے شیخ ناصر سے دنیشور شرما سے کہا کہ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی ہمیشہ سے ہی مسئلہ کشمیر کو لے کر تمام داعویداروں سے بات چیت کے حق میں ہے تاکہ اس مسئلہ کا عوام کی خواہشات کے مطابق حل تلاشا جائے۔پی ڈی پی اس بات کی قائل ہے کہ اس مسئلے کا حل صرف اور صرف بات چیت ہے ۔انہوں نے کہا کہ نئی دہلی کو ریاست جموں و کشمیر کی عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا نے کی کوشش کرنی ہوگی تاکہ سبھی دعویدار بات چیت کیلئے سامنے آجائیں۔ ناصر نے مزید کہا کہ پاکستان کی مداخلت کے بغیر اس مسئلہ کا حتمی حل ممکن نہیں اور پاکستان اس مسئلہ کا ایک اہم فریق ہے۔ پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی طرف سے مجوزہ فارمولہ سیلف رول کی طرف توجہ مرکوز کراتے ہوئے شیخ ناصر نے دنیشور شرما سے کہا کہ سیلف رول میں مسئلہ کشمیر کے حوالہ سے تمام پہلوئوں کو رکھا گیا ہے اور اسی فارمولہ کے تحت اس مسئلہ کا عوام کی خواہشات کے عین مطابق حل ہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ دفعہ 356کو ریاست جموں کشمیر میں لاگو نہ رکھا جائے علاقائی کونسل کے قیام کے ساتھ ساتھ ایل او سی کے دونوں اطراف تجارت کو فروغ دینا بھی ضروری ہے جبکہ نوجوانوں کے لئے بہبودی اور روزگار سکیموں کو جاری کرکے اعتماد بحال کرنے پر بھی وفد نے زور دیا۔