نئی دہلی+ممبئی//مختلف سرکاری بینکوں کے تقریبا 9لاکھ ملازمین جمعرات سے شروع ہونے والی دو روزہ ملک گیر ہڑتال پر جائیں گے تاکہ سرکاری شعبے کی نجکاری کے حکومتی اقدام کے خلاف احتجاج کیا جاسکے۔ اسٹیٹ بینک آف انڈیا (SBI) سمیت بیشتر بینکوں نے پہلے ہی اپنے صارفین کو چیک کلیئرنس اور فنڈ ٹرانسفر جیسے بینکنگ آپریشنز پر ہڑتال کے ممکنہ اثرات کے بارے میں خبردار کر دیا ہے۔آل انڈیا بینک آفیسرز کنفیڈریشن (AIBOC) کے جنرل سکریٹری سومیا دتہ نے کہا کہ بدھ کو ایڈیشنل چیف لیبر کمشنر کے سامنے ایک مفاہمتی میٹنگ ناکام ہوگئی، لہٰذا یونین اپنی منصوبہ بند ہڑتال کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہیں۔حکومت نے بجٹ 2021-22 میں سال کے دوران دو پبلک سیکٹر بینکوں (PSBs) کی نجکاری کرنے کے اپنے ارادے کا اعلان کیا تھا۔16 اور 17 دسمبر کو دو روزہ ہڑتال کی کال یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز (یو ایف بی یو)نے دی تھی۔