پیر پنچال کے آر پار بر ف و باراں ۔9سے 11 فروری تک خراب موسم کا امکان

 اشفاق سعید +محمد تسکین

 

سرینگر+بانہال//سرینگر سمیت وادی کے بیشتر میدانی علاقوں میں پیر کو بارش ہوئی جبکہ کچھ حصوں میں تازہ برف باری ہوئی اور گلمرگ میں ایک فٹ سے زیادہ برفباری ریکارڈ کی گئی۔محکمہ موسمیات نے کہا کہ وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور برف باری کا سلسلہ دوپہر تک جاری رہا اور اس کے بعد بتدریج بہتری آتی گئی ۔

 

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ 7 اور 8 فروری کو موسم “جزوی طور پر ابر آلود” رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 9سے 11فروری تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی برف باری اور بارش متوقع ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا، اگلے ایک ہفتے کے دوران “کسی بڑی برف باری” کی توقع نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صبح 8:30 بجے تک سرینگر میں 5.2 ملی میٹر، قاضی گنڈ میں 5.6 ، کوکرناگ میں 11.2 ، جموں میں 1 ، بانہال میں 9.0 ملی میٹر، بھدرواہ میں 3.6 ملی میٹر اور کٹرہ میں 1.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔البتہ بٹوٹ میں 9.2 سینٹی میٹر، جبکہ گلمرگ میں (1.14 فٹ) برف باری، کپواڑہ 5 سینٹی میٹر اور پہلگام میں 2 سینٹی میٹربرف باری ہوئی۔کرناہ سادھنا ٹاپ پر تازہ ایک فٹ برف جمع ہوئی جبکہ مژھل کی زیڈ گلی پر دس انچ ، کیرن کے پھرکیاں ٹاپ پر تازہ ایک فٹ برف جمع ہوئی ۔ ان علاقوں کی سڑکیں ایک بار پھر گاڑیوں کی آمد ورفت کیلئے بند کر دی گئی ہیں۔ ادھر سونہ مرگ، زوجیلہ اور کنگن میں بھی تازہ تین سے پانچ انچ برف جمع ہوئی ۔ دریں اثنا، بادل چھائے رہنے کے درمیان، کم از کم درجہ حرارت میں مزید اضافہ دیکھنے میں آیا ،سوائے چند مقامات کے۔ سرینگر میں کم سے کم 1.8 ، قاضی گنڈ میں منفی 1.6 ، پہلگام میں منفی 0.2 ، کوکرناگ میں منفی 1.1 ، گلمرگ میں 3.6 اورکپوارہ قصبے میں پارہ منفی 0.3 پر آ گیا۔جموں میں کم سے کم درجہ حرارت 11.9 ، بانہال میں 4.2 ، بٹوٹ میں 3.1 ، کٹرہ میں 10.5 اور بھدرواہ میں 3.8 ریکارڈ کیا گیا۔ لداخ کے لیہہ اور کرگل میں بالترتیب منفی 9.5 اور منفی 14.0 ریکارڈ کیا گیا۔ادھر اتوار کی رات سے پیر کی صبح گئے تک بانہال اور رام بن میں بارشیں جبکہ پیر پنجال کے پہاڑوں اور بستیوں میں تازہ برفباری ہوئی۔بارشوں کے نتیجے میں جموں سرینگر شاہراہ پتھروں کے گرنے کیوجہ پنتھیال کے مقام پر اتوار کی صبح مختصر وقفے تک بند رہی۔مختصر وقفے تک شاہراہ کے بند ہونے کی وجہ سے بانہال، چملواس ،شیر اور مکرکوٹ کے مقامات پرجام رہا۔