پیر پنچال میں طوفانی بارشوں سے عام زندگی مفلوج کوٹرنکہ کے متعدد دیہات میں قہر انگیز ژالہ باری سے فصلیں تباہ

محمد بشارت

کوٹرنکہ //گزشتہ کئی دنوں سے خطہ پیر پنچال کے متعدد علاقوں میں ہو رہی طوفانی بارشوں سے عام زندگی متاثر ہو رہی ہے جبکہ گزشتہ روز بعد دوپہر کوٹرنکہ سب ڈویژن کے اکثر دیہات میں ہوئی شدید ژالہ باری کی وجہ سے فصلیں اور سبزیاں شدید متاثر ہو گئی ہیں ۔جموں وکشمیر کے دیگر علاقوں کیساتھ ساتھ خطہ پیر پنچال کے دونوں سرحدی اضلاع میں بارشوں کا عمل جاری ہے جس کی وجہ سے کئی ایک علاقوں میں لوگوں کی گندم و دیگر فصلیں ،سبزیاں اور میوہ جات تباہ ہو گئے ہیں ۔اسی طرح متعدد علاقوں میں ژالہ باری بھی ریکارڈ کی گئی ہیے ۔گزشتہ روز شام کے دوران کوٹرنکہ سب ڈویژن کے متعدد گائوں میں قہر انگیز ژالہ باری کی وجہ سے لوگوں کی فصلیں اور میوہ جات مکمل تباہ ہو گئے ہیں ۔

 

 

لوگوں نے اس دوران متعدد فصلوں کی پنیری بھی تیار کی ہوئی تھی لیکن شدید نوعیت کی ژالہ باری کی وجہ سے جہاں علاقوں میں برف جیسی پرت بچھ گئی وہائیں مذکورہ فصلیں اور ان کی پنیری مکمل طورپر تباہ ہو گئی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ سب ڈویژن کے کوٹ چروال ،کھوڑ بنی ،ڈھلیری ،نارلہ بمبل ودیگر علاقہ میں ژالہ باری ہوئی ہے ۔کرشن سنگھ ،لوچن سنگھ سکنہ کنال نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ علاقہ میں ہوئی شدید ژالہ باری کی وجہ سے عام لوگوں کی خوف و ہراس پھیل گیا ۔انہوں نے بتایا کہ کسانوں کا شدید نقصان ہوچکا ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ نقصان کا تخمینہ لگا کر ان کو معاوضہ دیا جائے ۔