عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر//جموں و کشمیر انتظامیہ نے پیر کو وادی میں7 سیاحتی مقامات کو کھول دیا جو 22 اپریل کو پہلگام ملی ٹینٹ حملے کے بعد بند کر دیئے گئے تھے۔جمعہ کو یونیفائیڈ ہیڈ کوارٹر کی میٹنگ کے بعد لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے جاری کردہ ہدایات کے بعد سیاحتی مقامات کو کھولا گیا۔سنہا نے جمعہ کو X پر ایک پوسٹ میں کہا، “آج کی میٹنگ میں مکمل سیکورٹی کا جائزہ لینے اور بحث کے بعد، میں نے کشمیر اور جموں ڈویژنوں میں مزید سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا ہے، جنہیں احتیاطی تدابیر کے طور پر عارضی طور پر بند کر دیا گیا تھا۔”ایل جی انتظامیہ نے 22 اپریل کو پہلگام علاقے کے بائسرن میں حملے کے بعد تقریباً 50 سیاحتی مقامات کو بند کر دیا تھا۔کشمیر ڈویژن میں جن سات سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولا گیا ہے ان میں آڑو ویلی، رافٹنگ پوائنٹ ینر، اکڑ پارک، پادشاہی پارک اور کمان پوسٹ شامل ہیں۔ایل جی نے جموں ڈویژن میں بھی پانچ سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھولنے کا حکم دیا تھا۔ ان میں رام بن میں دگن ٹاپ، کٹھوعہ میں دھگر اور سلال اور ریاسی میں شیو غار شامل ہیں۔ایل جی انتظامیہ نے جون میں پہلگام کے کچھ حصوں سمیت 16 سیاحتی مقامات کو دوبارہ کھول دیا تھا۔