عظمیٰ نیوز سروس
سرینگر// پولیس نے بدھ کے روز جنوبی کشمیر کے کولگام سے ایک شخص کو گرفتار کیا جس نے 22 اپریل کو پہلگام حملے کے ذمہ دار حملہ آوروں کو مبینہ طور پرمدد فراہم کی تھی۔ایک اہلکار نے بتایا، “ایک انٹیلی جنس لیڈ کی بنیاد پر، سری نگر پولیس نے کولگام ضلع سے ایک اوور گراؤنڈ ورکر کو گرفتار کیا۔ اس کی شناخت محمد یوسف کٹاری کے طور پر ہوئی ہے”۔حکام نے کہا کہ پہلگام حملے میں ملوث حملہ آروں کو لاجسٹک مدد فراہم کرنے میں اس کا کردار تھا جو بعد میں آپریشن مہادیو کے دوران مارے گئے تھے۔ 29 جولائی کو ہونے والے انکاؤنٹر میں، فوج کے ایلیٹ پیرا کمانڈوز نے سری نگر کے مضافات میں تین ملی ٹینٹوںکو مار گرایا تھا۔ان میں سلیمان عرف آصف بھی شامل تھا، جو 22 اپریل کو پہلگام حملے کا ماسٹر مائنڈ سمجھا جاتا ہے جس میں 26 سیاح مارے گئے تھے۔دیگر دو کی شناخت جبران اور حمزہ افغانی کے نام سے ہوئی ہے۔ جبران اکتوبر 2024 میں سونمرگ ٹنل حملے میں ملوث تھا۔اس دوران کولگام ضلع کے برنال گاؤں علاقے میں بدھ کو ملی ٹینٹوں کے ایک ٹھکانے کا پردہ فاش کیا گیا۔ایک اعلیٰ پولیس افسر نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز کی ایک مشترکہ ٹیم نے برنال گاؤں میں شروع کی گئی تلاشی مہم کے دوران ٹھکانے کا پتہ لگایا۔افسر نے مزید کہا کہ ٹھکانے کو بعد میں موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا جبکہ علاقے میں تلاشی کا عمل جاری ہے۔