پکل ڈول پاور پروجیکٹ کی گاڑی لڑھک گئی|| 7مزدورلقمۂ اجل ڈنگڈورو دچھن کشتواڑ میں زیر تعمیر ڈیم کے قریب واقع پیش آیا

عاصف بٹ

کشتواڑ //ضلع کشتواڑ کے ڈنگڈورو دچھن علاقے میں زیرتعمیر پکل ڈول پاور پروجیکٹ کے نزدیک مزدوروں کو لیجانے والی گاڑی کو حادثہ پیش آیا جس کے نتیجے میں 7 مزدور لقمہ اجل جبکہ 3دیگر زخمی ہوئے ۔زخمیوںمیں سے دو کو مزید علاجو معالجہ کیلئے میڈیکل کالج جموں منتقل کیا گیا۔پولیس کے مطابق یہ حادثہ ضلع ہیڈکوارٹر سے 45کلومیٹر دور ڈنگڈور وکے مقام پر زیرتعمیر پکل ڈول پاور پروجیکٹ میں سٹیل یارڈ کے قریب پیش آیا جب کروزر گاڑی پر ڈرائیور کنٹرول کھوبیٹھا اور گاڑی دوسو فٹ نیچے گہری کھائی میں جاگری۔پولیس نے بتایا کہ موسلادھار بارشوں کے سبب سڑک پر پتھر و پھسلن تھی جسکے سبب یہ حادثہ پیش آیا۔ضلع ترقیاتی کمشنر کشتواڑ نے حادثے کے بارے میں کہا کہ 7 افراد کی موت واقع ہوئی ۔انہوں نے کہا کہ6 کی موقعہ پر ہی جبکہ ا یک شخص بچائوکارروائی کے دوران دم توڑبیٹھا ۔ دو زخمی مزدوروںکو مزید علاج کیلئے کشتواڑ سے جموں میڈیکل کالج منتقل کیا گیا جبکہ ا یک زخمی کشتواڑ ہسپتال میں زیر علاج ہے۔ضلع ترقیاتی کمشنرمزیدنے بتایا کہ موسلادھار بارشیں ہورہی تھی جس کی وجہ سے ڈرائیور گاڑی پر کنٹرول کھو بیٹھا۔یہ سبھی لوگ تعمیراتی کمپنی کیساتھ منسلک تھے۔پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات شروع کردی ہے۔ایس ایس پی کشتواڑ نے بتایاکہ ہم گاڑی کی تفصیلات جمع کررہے ہیں اور قصورواروںکیخلاف کاروائی ہوگی۔ پولیس نے کہا کہ حادثے کی خبر ملتے ہی مقامی لوگ اور پولیس نے بچائو کارروائی عمل میں لائی اور سبھی زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے میں مارے گئے مزدوروں کی شناخت سودیش کمار ولد کرم چند ساکن کنتواڑہ کاشتی گڑھ ڈوڈہ ، اختر حسین ولد محمد عباس ساکن پنجریڑی ، عبدالرشید ولد عزیز محمد ساکن بونجواڑ، مبشر احمد ساکن ڈوڈہ ،عتوہ ولد مکنڈ سنگھ ساکن جارکھنڈ ، راہول ولد سنجے ساہو ساکن جارکھنڈ ا ور کرن ولد موہن لال ساکن کرور کشتواڑ کے طور ہوئی جبکہ زخمی افراد کی شناخت روئی گیری ساکن بہار ،محمد غریب ساکن رام بن و ورن شرما ساکن کشتواڑ کے طورہوئی۔

 

 

کمپنی کے ورکروں کا احتجاج
ورکروں نے حادثے کے بعد جمع ہوکر کمپنی کے خلاف زوردار احتجاج کیا۔ ورکروں نے الزام عائدکیا کہ کمپنی ورکروں کے جان کی حفاظت کیلے کوئی اقدم نہیں کررہی ہے اور آج کا واقعہ بھی کمپنی کی لاپرواہی کے سبب پیش آیا۔انہوں نے کہا کہ کمپنی کی یونین اپنی من مرضی سے گاڑیوں کو کام پر لگاتی ہے جس سے جانی نقصان ہورہا ہے۔ لواحقین کو معاوضہ فراہم کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے انہوںنے مطالبہ کیا کہ کمپنی انہیں ہرقسم کی سہولیات میسر کرے۔

 

 

 

لفٹینٹ گورنر کا اظہار دکھ
لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا نے کشتواڑ میں پیش آئے المناک سڑک حادثے میں ہوئے جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ایک تعزیتی پیغام میں لیفٹیننٹ گورنر نے کہا کہ میں سوگوار کنبوں کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتاہوں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتا ہوں۔میں نے ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ متاثرہ افراد کو تمام ضروری مدد کریں۔وزیر مملکت ڈاکٹر جتندر سنگھ نے بھی حادثے پر دکھ کا اظہارکیا۔انہوں نے کہا کہ ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے کہ متاثرہ افراد کی ہر ممکنہ مدد کی جائے۔

 

 

 

لواحقین کو عبوری امداد فراہم
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو نے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس خلیل احمد پوسوال کے ہمراہ مہلوکین کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔ڈی سی نے ریڈ کراس فنڈ کے تحت مہلوکین کے پسماندگان کو عبوری امدا د فراہم کی ۔ڈی سی نے ورکرز ویلفیئر فنڈ کے تحت ہر خاندان کو 20 لاکھ روپے تک کے معاوضے کے علاوہ چناب ویلی پاور پروجیکٹس لمیٹیڈکے ذریعے 2.5 لاکھ روپے، روڈ سیفٹی فنڈ سے 1 لاکھ روپے اور ہر مرنے والے کارکن کے خاندان کے ایک فرد کو پکل ڈول پن بجلی پروجیکٹ کی تعمیری کمپنی( جے پی کمپنی )میں نوکری دینے کا اعلان کیا۔مزید برآں، ریڈ کراس کے تحت مرنے والوں اور زخمیوں کے لواحقین کو فوری امداد کے طور پر25ہزار روپے اور جے پی کمپنی کی طرف سے مرنے والوں کی آخری رسوم کی ادائیگی کیلئے75ہزار روپے کی رقم دی گئی۔