رام بن //ضلع رام بن میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ہڑتال جمعہ کے روز بھی ضلع ترقیاتی کمشنر کے دفتر کے باہر جاری رہی۔ ہڑتال کی کال ایسو سی ایشن نے سرکار کی جانب سے انکے جائز مطالبات حل نہ کرنے کے پس منظر میں کیا تھا ، جس میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بھاری تعداد نے شرکت کی۔ہڑتال سے محکمہ مال کی کارکردگی بُری طرح متاثر ہوئی ۔ لوگوں کی یہ شکایت ہے کہ انہیں ریونیو ریکارڈ حاصل کرنے میں دشواری آرہی ہے۔ انہوں نے سرکار پر پٹواریوں کے مطالبات کے تئیں غیر سنجیدگی کا مظاہرہ کرنے کا مبینہ الزام لگایا ہے۔ رام بن میں احتجاجی پٹواری ڈی سی آفس کمپلیکس میں دھرنے پر بیٹھ گئے۔مقررین نے اس موقعہ پر الزام لگایا کہ بار بار انکے جائز مطالبہ کو حل کرنے کی یقین دہانی کے بعدکُچھ بھی نہیں کیا گیا ہے،جس کی وجہ سے انہیںاحتجاج کے سوا کوئی اور چارہ نہیں ہے۔احتجاج میں پٹواریوں اور گرداوروں کی ایک بڑی تعداد نے بھی شرکت کی۔مقررین نے سرکار پر زور دیا کہ وہ پٹواریوں کے مطالبات فوراً حل کرے تاکہ عام لوگوں کو مزید مشکلات کا سامنا نہ ہو۔پٹواری اپنے تنخواہوں میں تفاوت کو دور کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ مظاہرین نائب تحصیلدار وں کی راست بھرتی پر پابندی ،پٹواریوں اور جی کئیوز کے الائونس میں اضافہ ، پرائیویٹ ایکموڈیشن کی صورت میںپٹوار خانوں اور میٹنگ ہالوں کے لئے کرایہ ، جموں اور سرینگر اضلاع میں پٹوار ایسو سی ایشن کا دفترقائم کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے۔اپنے خطاب میں ضلع صدر چودھری مرزا نے کہا کہ وہ تب تک احتجاج جاری رکھیں گے جب تک کہ انکے جائز مطالبات پورے نہیں ہوتے ہیں۔انہوں نے سرکار سے پٹواریوں کے مطالبات فوری طور تسلیم کرنیکا متنبہ کیا ہے۔