پونچھ میں 3چچازاد بہنوں نے دریا میں چھلانگ لگائی ایک کی موت ، 2بچ گئیں، اسپتال میں زیر علاج

عشرت بٹ
پونچھ //پونچھ ضلع میں پولیس نے ایک چونکا دینے والے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہے جس میں تین چچازاد بہنوں نے دریا میں چھلانگ لگا کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی۔یہ واقعہ جمعہ کی دیر شام کے اوقات میں پیش آیا جس میں ایک لڑکی کی موت ہوگئی جبکہ دیگر دو پونچھ اسپتال میں زیر علاج ہیں۔اس افسوسناک واقعے سے ضلع میں صدمے کی لہر دوڑگئی ہے اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد گہرائی سے تحقیقات کا مطالبہ کر رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ جمعہ کی شام دیر گئے تین لڑکیوں نے ایس کے پل پونچھ سے چھلانگ لگائی اور مین پلسات ندی میں گر گئیں۔حکام نے بتایا کہ اس کے فوراً بعد ایس ایچ او پونچھ رنجیت راؤ کی سربراہی میں پولیس کی ایک ٹیم موقع پر پہنچی اور تینوں لڑکیوں کو دریا سے باہر نکالا اور سول اسپتال پونچھ لے جایا گیا جہاں ایک لڑکی کو مردہ قرار دیا گیا۔دیگر دو لڑکیاں زیر علاج ہیں۔متوفی لڑکی کی شناخت آسیہ کوثر (15) دختر محمد کبیر کے طور پر ہوئی ہے اور زیر علاج میں امرین کوثر (25) دختر محمد بشیر اور سونیا کوثر (18) دختر محمد عارف کے بطور ہوئی۔تینوں لڑکیاں چچازاد بہنیں ہیں اور پونچھ منڈی کے گاؤں جندھرولا کی رہنے والی ہیں۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی تفتیش اور قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ایڈیشنل ایس پی پونچھ مشیم احمد نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہے اور واقعہ کا نوٹس لیا گیا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تینوں لڑکیوں کے اہل خانہ کو بلایا گیا ہے اور خاندانی دباؤ کے پہلو سے بھی تفتیش کی جارہی ہے۔