محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے پرانی پونچھ محلہ میں اْس وقت کشیدگی کا ماحول پیدا ہوگیا جب مقامی لوگوں نے ایک بچھڑے کا سر اور ٹانگ مبینہ طور پر پڑی ہوئی دیکھی۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس فوری طور پر حرکت میں آئی اور معاملے کی سنجیدگی کو دیکھتے ہوئے پولیس اسٹیشن پونچھ میں ایف آئی آر نمبر 201/2025 زیرِ دفعہ 299 بھارتیہ نیایا سنہیتا (BNS) کے تحت درج کی گئی۔ابتدائی تحقیقات کے دوران پولیس نے بچھڑے کے مالک کی شناخت راج کمار ساکن وارڈ نمبر 16 پونچھ کے طور پر کی۔ مالک کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ بچھڑا صبح مردہ پیدا ہوا تھا اور اس نے اسے ٹھکانے لگانے کے لئے ایک مزدور کے حوالے کیا تھا۔پولیس کی ٹیموں نے ایس ایس پی پونچھ کی براہِ راست نگرانی میں فوری کارروائی کرتے ہوئے کسی بھی قسم کی امن و قانون کی خرابی کو روکنے کے لئے مؤثر اقدامات کئے۔ ایس ایس پی کی بروقت قیادت اور مختلف محکموں کے درمیان ہم آہنگی کے باعث علاقے میں مکمل طور پر امن و امان برقرار رہا۔پولیس کے مطابق، معاملے کی مزیدتحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ واقعہ دانستہ تھا یا لاپرواہی کا نتیجہ۔ حکام نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں، صبر و تحمل سے کام لیں اور پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ایس ایس پی پونچھ نے کہا کہ جو کوئی بھی امن و عامہ کو خراب کرنے یا فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کرے گا، اس کے خلاف سخت اور مثالی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
واقعہ پر سناتن دھرم سبھا سراپا احتجاج
محتشم احتشام
پونچھ//سرحدی ضلع پونچھ کے پرانی پونچھ علاقے میں اْس وقت حالات میں ہلچل مچ گئی جب ایک گائے کا کٹا ہوا سر برآمد ہوا۔ اس واقعے کے خلاف سناتن دھرم سبھا، گاؤ راشٹریہ دل، وشو ہندو پریشد، شیو سینا، بجرنگ دل اور ضلع بھر کے مندروں کی انتظامیہ کمیٹیوں کے باہمی اشتراک سے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔احتجاج بس اڈہ پونچھ پر منعقد ہوا، جہاں ہزاروں کی تعداد میں زن و مرد نے شرکت کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں پلے کارڈ اور بینر اٹھا رکھے تھے جن پر گائے کو قومی ماں کا درجہ دینے اور اس کے تحفظ کے مطالبات درج تھے۔ احتجاج کے دوران فضا میں ’گاؤ ماتا کی جے‘ اور ’گائے ہمارا گورو ہے‘ جیسے نعرے گونجتے رہے۔تقریباً ایک گھنٹے تک جاری اس پرامن احتجاج میں مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گائے کا سر ملنا ایک سوچی سمجھی سازش ہے جس کا مقصد ضلع پونچھ کے امن و ہم آہنگی والے ماحول کو خراب کرنا ہے۔ مقررین نے کہا کہ ایسے حساس معاملات میں تمام طبقات کو ہوشیاری اور یکجہتی کا مظاہرہ کرنا چاہیے تاکہ کسی بھی فرقہ پرست عنصر کو کامیاب نہ ہونے دیا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ سناتن دھرم سبھا اور دیگر تنظیمیں انتظامیہ اور پولیس کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور امن و بھائی چارے کو برقرار رکھنا ان کی اولین ترجیح ہے۔ تاہم، انہوں نے ضلع انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ اس شرپسندانہ حرکت میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے تاکہ مستقبل میں ایسے واقعات کا اعادہ نہ ہو۔احتجاج کے اختتام پر شرکاء نے خاموشی کے ساتھ گائے کے تحفظ اور قومی یکجہتی کے لئے عہد لیا۔