پونچھ میں بقایا بلوں کی عدم ادائیگی | سپلائی کنکشن منسوخ کر دئیے جائیں گے : محکمہ

حسین محتشم
پونچھ//سرکار کی جانب سے بجلی بقایاجات کی ادائیگی کے لئے ایمنسٹی اسکیم لاگو کئے جانے کے باوجود لوگ اس سے مفاد حاصل نہیں کر سکے ہیں اب محکمہ نے کنکشن منسوخ کرنے کا منصوبہ بنایا ہے۔ان باتوں کا اظہار محکمہ بجلی کے اسسٹنٹ ایگز یکٹو انجینئر سرفراز احمد نے کیا ۔آفیسر موصوف نے کشمیر عظمیٰ کے ذریعہ صارفین سے اپیل کی کہ وہ جلد از جلد بقایاجات کی ادائیگی کریں بصورت دیگر ان کے کنکشن منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ کی جانب سے ایمنسٹی اسکیم کے تحت 12آسان قسطوں میں صارفین کو بقایا رقم جمع کرنے کی ہدایت کی گئی تھی تاہم اس اسکیم سے وہ ابھی تک فائدہ حاصل نہیں کر پائے ہیں۔انھوں نے صارفین کو انتباہ دیا کہ اگر انہوں نے جلد سے جلد اپنی بقایا قسط جمع نہ کروائی تو ان کے کنکشن منسوخ کر دئیے جائیں گے۔ جونیئر انجینئر منڈی پونچھ محمد جاوید نے کہا کہ یہ ایک بہت ہی آسان طریقہ ہے جس سے لوگ فائدہ اٹھا سکتے ہیں مگر نہ جانے کیوں صارفین اس طرف متوجہ نہیں ہو رہے ہیں۔ انہوں نے بھی لوگوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بقایاجات جلد سے جلد جمع کروائیں۔