پولی تکنیک کالجوں کا تعمیری کام مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اَصغر سامون اور شیلندرکمار نے نئے پولی تکنیک کالجوں کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا

 

سرینگر //پرنسپل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر اَصغر حسن سامون او رپرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) شیلندر کمار نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک مشترکہ میٹنگ کی صدارت کی جس میں جموںوکشمیر میں نئے پولی تکنیک کالجوں کی تعمیر کی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا ۔میٹنگ میں محکمہ کے مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔میٹنگ میں سپیشل سیکرٹری سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ ، ڈیولپمنٹ کمشنر ورکس ، منیجنگ ڈائریکٹر جے کے پی سی سی ، چیف اِنجینئر آر اینڈ بی جموں وکشمیر کے ساتھ متعلقہ ایگزیکٹیو اِنجینئر ، تمام متعلقہ سرکاری پولی تکنیک کے پرنسپل اور دیگر اَفسران نے شرکت کی ۔ آئوٹ سٹیشن اَفسران نے بذریعہ ویڈیو کانفرنسنگ میٹنگ میں حصہ لیا۔میٹنگ میں سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ سے متعلق مختلف امور بشمول سی ایس ایس کے تحت اُٹھائے گئے نیو پولی تکنیک کے جاری کاموں کی تکمیل ، ڈی ایس ڈی کے سابق اِنجینئرنگ وِنگ کے ترک شدہ کاموں کی تکمیل پر سیر حاصل بحث ہوئی۔پرنسپل سیکرٹری نے متعلقہ اَفسران کو ہدایت دی کہ تمام پولی تکنیک کالجوں میں جاری تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے تاکہ عمارتوں کو طلبا کے لئے وقف اور کلاس کا کام شروع کیا جاسکے۔

 

اُنہوں نے متعلقہ ایجنسیوں سے ہر پولی تکنیک کالج کی تعمیراتی پیش رفت کے بارے میں تفصیلی رِپورٹ حاصل کی اور اس کے لئے آخری تاریخ مقرر کی۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے نئے بننے والے کالجوں میں مشینری اور دیگر آلات کی بروقت تعیناتی پر بھی زور دیا اور سکل ڈیولپمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے اَفسران کو مشن موڈ میں کام کرنے کی ہدایت دی تاکہ نئے کالجوں میں طلباء کے نئے بیچوں کے لئے کلاس کا کام بروقت شروع کیا جاسکے۔اُنہوں نے متعلقہ اِداروں کو مزید ہدایت دی کہ وہ ان نئے کالجوں میں درکار آلات اور مشینری کی تنصیب اور ترسیل کی ذاتی طور پر نگرانی کریں۔ڈاکٹر اَصغر حسن سامون نے اَفسران سے فنڈس کے صحیح استعمال کرنے پر زور دیا کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ فنڈس کو تفویض کردہ کاموں پر استعمال کیا جائے اورکام کے معیار کو ہر لحاظ سے برقرار رکھا جائے۔ اُنہوں نے متعلقہ اَفسران کو پولی تکنیک کالجوں میں پانی اوربجلی کے مناسب اِنتظامات کرنے کی بھی ہدایت دی۔اِس موقعہ پر پرنسپل سیکرٹری پی ڈبلیو ڈی ( آر اینڈ بی ) نے بات کرتے ہوئے اَفسران پر زور دیا کہ وہ مربوط انداز میں کام کریں تاکہ تمام پروجیکٹ مقرر وقت کے اَندر مکمل ہوں ۔ میٹنگ میںجانکاری دی گئی کہ نئے پولی تکنیک کالجوں پر کام تیزی سے جاری ہے اور انہیں مقررہ مد ت کے اَندر مکمل کیا جائے گا۔