پولیس و فورسز اہلکاروں کے نام منسوب | 13اضلاع میں57اسکول، کالج ، پل اور سڑکیں

بلال فرقانی
سرینگر//سرکار نے جموں کشمیر کے13اضلاع میں مہلوک پولیس و فورسز اہلکاروں کے نام سے 57 سرکاری اسکولوں،کالجوں،پلوں اور سڑکوں کو منسوب کیا ہے۔سرکاری حکم نامہ کے مطابق وادی کے10اور جموں کے3اضلاع میں معروف شخصیات و فوت شدہ اہلکاروں کے نام سے ان سرکاری عمارتوں اور سڑکوں کو منسوب کیا گیا۔ اننت ناگ میں3، کولگام میں2،شوپیان میں5اور پلوامہ میں2 اہلکاروں کے نام اسکولوں ،کالجوں اور سڑکوں کو نام دئیے گئے ہیں۔ سرینگر میں5،گاندربل میں6اور بڈگام میں3اسکولوں اور کالجوں کو مہلوک شدہ اہلکاروں کے نام سے منسوب کیا گیا ہے۔ بانڈی پورہ میں ایک جبکہ کپوارہ میں3اور بارہمولہ میں3اہلکاروں کے علاوہ جموں کے ضلع ادھمپور میں23 اور سانبہ و جموں ضلع میں ایک ایک،اسکول کو اہلکاروں کے ناموں سے منسوب کیا گیا۔عمومی انتظامی محکمہ کی جانب سے جاری آرڈر میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریوں کو ہدایت دی گئی کہ وہ تبدیلیوں کے لیے اپنے ریکارڈ میں ترمیم سمیت فوری ضروری اقدامات کریں گے۔ حکم نامہ میں ڈویڑنل کمشنر، کشمیر اورجموں کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے متعلقہ صوبوں میں ان ڈھانچوںواثاثوں کے ناموں کی تبدیلی کی ذاتی طور پر نگرانی کریں گے۔