پنچایت بنہ کی وارڈ نمبر 3میں 15برسوں سے بجلی سے محروم | RGGVY سکیم کا سٹیشن 2008سے بند ،محکمہ خاموش تماشائی

محمد بشارت
ریاسی //تحصیل چسانہ کی پنچایت حلقہ بنہ میں بجلی کا قائم کردہ سٹیشن گزشتہ 15برسوں سے بند پڑا ہوا ہے لیکن محکمہ بجلی کی جانب سے اس سٹیشن کو قابل استعمال بنانے کیلئے کوئی دھیان ہی نہیں دیاجارہا ہے ۔پنچایت کی وارڈ نمبر 3کے مکینوں نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے شروع کر دہ RGGVY سکیم کے تحت ان کو 2008میں بجلی سپلائی کی گئی تھی لیکن اس سکیم کے تحت نصب کردہ ٹرانسفارمرکچھ ہی دنوں کے اندر ہی خراب ہو گیا تھا جس کے بعد متعلقہ محکمہ کی جانب سے اس کی مرمت اور بجلی کی بحالی کیلئے کوئی عملی قدم نہیں اٹھایا گیا ۔سماجی کارکن وقار چوہان نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ 2008میں اس علاقہ میں بجلی کی فراہمی کیلئے کھمبے نصب کرنے کیساتھ ساتھ ترسیلی لائنیں بچھائی گئی تھی لیکن کچھ ہی دن چلنے کے بعد نصب کردہ ٹرانسفارمر خراب ہو گیا جو کہ اب گزشتہ 15برسوں سے مسلسل بند ہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اب کچھ عناصر نے تاریں اور کھمبے بھی فروخت کر دئیے ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ بجلی خراب ہونے سے لے کر ابھی تک محکمہ سے روجوع کیا جاتا رہا ہے لیکن ملازمین اور آفیسران کی انتہائی درجے کی لاپرواہی کی وجہ سے اب کی بجلی ابھی تک بحال نہیں ہو سکی ۔مقامی لوگوں نے جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ڈی ڈی کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ علاقہ میں بجلی سپلائی بحال کرنے کیلئے بجلی سٹیشن چلائیں ۔