پرائمری سکول چٹی بٹی کی غیر محفوظ عمارت | بچوں کو خطرہ لائق ،محکمہ ٹس سے مس نہیں

 

محمد بشارت

ریاسی//ریاسی ضلع کے تعلیمی زون چسانہ میں درجنوں سرکاری سکولوں کی خستہ حالی کی وجہ سے زیر تعلیم بچوں کا مستقبل خراب ہونے کی دہلیز تک پہنچ چکا ہے ۔مقامی لوگوں نے سرکاری سکولوں میں محکمہ کی جانب سے بچوں کو فراہم کردہ سہولیات پر سوالیہ نشان لگاتے ہوئے کہاکہ ان کے بچوں کے مستقبل کیساتھ کھلواڑ کی جارہی ہے ۔

 

انہوں نے بتایا کہ چسانہ کی پنچایت طولی لوہر کی وارڈ نمبر چار میں قائم کردہ گور نمنٹ پرائمری سکول چٹی بٹی کی عمارت غیر محفوظ ہو کر گہرنے کی دہلیز پرپہنچ چکی ہے جس سے نو نہالوں کی زندگیوں کو شدید خطرہ لائق ہے لیکن اس کے باوجود بھی متعلقہ حکام کی جانب سے کوئی دھیان ہی نہیں دیا جارہا ہے ۔نائب سرپنچ آصف شیخ عطاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ سرکاری سکول کی عمارت غیر محفوظ ہے اور کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ رونما ہو سکتا ہے ۔

 

موصوف نے بتایا کہ سکول میں زیر تعلیم 21بچوں کی زندگی خطرے میں ہے لیکن متعلقہ محکمہ اس سلسلہ میں سنجیدہ نہیں ہے ۔والدین و مقامی لوگوں نے جموں و کشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ چسانہ تعلیمی زون کے سرکاری سکولوں کا معائینہ کروایا جائے تاکہ عمارتوں کی حالت اور بچوں کو حاصل سہولیات کے بارے میں معلوم کیاجاسکے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے مذکورہ سرکاری سکول کی عمارت کی تعمیر نو کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔