پرائمری سکول پھگواڑی کی عمارت 5برسوں سے تکمیل کی منتظر ۔70سے زائد طلباء کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور

عشرت حسین بٹ

منڈی//ضلع پونچھ کی تحصیل منڈی کے دور دراز علاقہ میں قائم گور نمنٹ پرائمری سکول پھگواڑی کی عمارت کا تعمیری کام گزشتہ پانچ برس سے تکمیل کا منتظر ہے۔ اس سکول میں70سے زائدطلباء و طالبات سکولی عمارت نہ ہونے کی وجہ سے کھلے آسمان تلے تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔مقامی ذرائع کے مطابق پرائمری سکول پھگواڑی کی عمارت کا تعمیری کام پانچ برس قبل محکمہ تعمیراتِ عامہ کی جانب سے شروع کیا گیا تھا لیکن 5برسوں میں عمارت کی محض دیواریں ہی تعمیر کی گئی ہیں تاہم چھت کیلئے ابھی تک کوئی عملی کام نہیں کیاگیا ہے ۔علاقہ سے تعلق رکھنے والے غلام قادر، غلام احمد، محمد حنیف اور بشیر احمد نامی مکینوں نے بتایا کہ جس ٹھیکیددار کو اس سکول کی تعمیر کا کام سونپا گیا تھااُس نے سکول کی محض دیواریں ہی تعمیر کی ہیں لیکن عمارت پر ابھی تک چھت نہیں ڈالی گئی ۔ان کا کہنا تھا کہ نہ سکول میں بیت الخلا ء ہے اور نہ ہی رسوئی گھر تعمیر کیا گیا ۔ان لوگوں کا کہنا تھا کہ عمارت نہ ہونے کی وجہ سے سکولی طلباء کو کھلے میں تعلیم حاصل کرنی پڑتی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اگر موسم خراب ہو تو اس کی وجہ سے بچوں کی تعلیم کافی حد تک متاثر ہوتی ہے جبکہ انہوں نے مذکورہ معاملہ لے کرکو متعدد بارمتعلقہ محکمہ کے آفیسران سے بھی رجوع کیا لیکن ابھی تک کوئی سنجیدہ قدم نہیں اٹھایا گیا ۔علاقہ کے لوگوں نے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ اور متعلقہ محکمہ کے آ فیسران سے اپیل کی ہے کہ سکولی عمارت کاتعمیری کام جلد مکمل کیا جائے تاکہ علاقہ کے بچوں کی تعلیم متاثر نہ ہو۔محکمہ تعمیرات عامہ کے ایگز یکٹو انجینئر جی این خان نے بتایا کہ مذکورہ تعمیرات کے سلسلہ میں متعلقہ ٹھیکیدار کو طلب کر کے تعمیر جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری ک گئی ہیں ۔انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ عمارت کی تعمیر کو جلد ہی مکمل کرلیا جائے گا ۔