پاپی نالہ واٹر سپلائی سکیم کے ٹرانسفارمر چوری | 5سے زائد دیہات میں پانی کی سپلائی متاثر ہوگئی

رمیش کیسر
نوشہرہ //چوروں نے نوشہرہ سب ڈویژن کی پاپی نالہ واٹر سپلائی سکیم میں نصب 3ٹرانسفارمر چوری کر لئے ہیں جبکہ جموں وکشمیر پولیس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرتے ہوئے مزید تحقیقات شروع کر دی ہیں ۔دوسری جانب واٹر سپلائی سکیم کا ساز و سامان چوری ہونے سے 5سے زائد دیہات میں پینے کے صاف پانی کی سپلائی بھی متاثر ہو گئی ہے ۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ مذکورہ واٹر سپلائی سکیم کا ایک ٹرانسفارمر نصب کیا گیا تھا جبکہ دو مزید خراب ٹرانسفارمر بھی اُسی مقام پر رکھے گئے تھے تاہم چوروں نے سبھی ٹرانسفارمروں کو چوری کرلیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ کئی علاقوں کی سپلائی ٹھپ ہو چکی ہے جس کی وجہ سے سینکڑوں کی تعداد میں کنبے متاثر ہو ئے ہیں ۔غور طلب ہے چوروں نے اس سے قبل ستمبر ماہ میں مذکورہ سٹیشن پر نصب وولٹیج سٹیبلائزر چور ی کرلئے تھے جس کے لگ بھگ دو ماہ بعد ایک مرتبہ پھر سے چوری کی واردات انجام دی گئی ہے ۔مقامی لوگوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث چوروں کو جلدازجلد گرفتار کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے جبکہ واٹر سپلائی سکیم کو بحال کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی جائیں ۔