پانزتھ ناگ میں سالانہ فِش فیسٹول کا اہتمام

اننت ناگ/عارف بلوچ/ پانزتھ اننت ناگ میں سالانہ فِش فیسٹیول کا اہتمام ہوا جس میں سینکڑوں لوگوں نے شرکت کی۔ہر سال مئی کے مہینے میں سینکڑوں گائوں والے مچھلی پکڑنے کے لیے پانزتھ ناگ کا رخ کرتے ہیں اور مچھلیاں پکڑتے ہیں۔ مچھلیاں پکڑنے کے ساتھ ساتھ لوگ چشمے کی بھرپور صفائی بھی کرتے ہیں۔قاضی گنڈ سے محض 2 کلو میٹر دور گاں پانزتھ 500 چشموں کا منبع مانا جاتا ہے،چشمہ اپنی خوبصورتی اور لذیذ پانی کی وجہ سے کافی مشہور ہے۔اس چشمے سے 35 گائوں کو پانی فراہم ہوتا ہے۔مئی مہینے میں یہاں ایک تہوار صدیوں سے منایا جاتا ہے جس کا مقصد چشمہ کی صفائی اور مچھلیاں پکڑنا ہوتا ہے۔

 

تہوار میں پانزتھ اور ملحقہ گاں کے لوگ بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے ہیں۔لوگوں کا ماننا ہے کہ اس سے نہ صرف چشمہ کی صفائی ہوتی ہے بلکہ آنے والے کھیتی باڑی سیزن کے لئے بھی پانی کی سپلائی بغیر کسی رکاوٹ جاری رہتی ہے۔گل محمد نامی بزرگ شہری نے کشمیر عظمی کو بتایا کہ وہ 70 برس کے ہیں، بچپن سے ہی وہ اس تہوار میں شرکت کرتے آرہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ میرے والد کئی کلو مچھلیاں پکڑتے تھے لیکن اب اس چشمے میں مچھلیاں کم ہوتی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس دن پر وہ لوگ اپنے بچھڑے عزیز و اقارب کے لئے خصوصی دعائوں کا اہتمام کرتے ہیں،اور انکے مقبروں پر گل باری کرتے ہیں جس کو عرف عام میں (روہن پوش)کہتے ہیں۔ لوگوں کا ماننا ہے کہ حکام کی عدم توجہی بھی چشمہ کی ابتر حالت کی ذمہ دار ہیں۔جہاں قدرت نے اس علاقے کو پانی کے زخیرے سے نوازا ہے وہی لوگوں پر بھی زمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ قدرتی ورثے کی حفاظت کریں۔