پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں رکاوٹ

دہلی//اڈانی گروپ کے بارے میں ہنڈبرگ ریسرچ رپورٹ اور دیگر معاملات پر آج لگاتار دوسرے دن پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں کی کارروائی میں رکاوٹ پڑی۔ اپوزیشن پارٹیوں کے احتجاج کے تناظر میں لوک سبھا کی کارروائی دن میں دو بجے تک، جبکہ راجیہ سبھا کی ڈھائی بجے تک کیلئے ملتوی کردی گئی۔ لوک سبھا میں آج صبح جیسے ہی کارروائی شروع ہوئی کانگریس، DMK، ترنمول کانگریس، JDU، سماجوادی پارٹی اور دیگر پارٹیوں کے ارکان اِس معاملے کی جانچ مشترکہ پارلیمانی کمیٹی سے کرانے کا مطالبہ کرتے ہوئے ایوان کے وسط میں آگئے۔ بہوجن سماج پارٹی، تلنگانہ راشٹریہ سمیتی، CPI اور دیگر پارٹیوں کے ارکان بھی کھڑے ہوگئے۔ ہنگامہ آرائی کے تناظر میں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے احتجاج کرنے والے ارکان سے کہا کہ وہ ایوان میں سوالات کے وقفے کی کارروائی ہونے دیں۔