ٹیچرس فورم نے گندوہ میں کینڈل مارچ نکالا اساتذہ کو درپیش مشکلات حل کرنے و اولڈ پنشن سکیم کی بحالی کا مطالبہ

اشتیاق ملک

ڈوڈہ //جموں و کشمیر ٹیچرس ز فورم نے ڈوڈہ ضلع کے سب ڈویژنل ہیڈکواٹر گندوہ میں احتجاجی مظاہرہ کیا جس دوران انہوں نے اولڈ پنشن سکیم لاگو کرنے کا مطالبہ کیا۔صوبائی کو ارڈی نیٹرٹیچر س فورم جماعت علی آغاو نائب صدر اسحاق رشید ملک کی قیادت میں مظاہرین نے ایس ڈی ایم دفتر کے باہر احتجاج کرتے ہوئے کینڈل مارچ بھی نکالا جس دوران انہوں نے اپنی مانگوں کو لے کر نعرہ بازی کرتے ہوئے کہا کہ ٹیچرس فورم کے اعلیٰ عہدیداروں نے اپنے مطالبات کو لے کر ایک یادداشت لیفٹیننٹ گورنر و دیگر حکام کو پیش کی تھی اور ان پر عمل درآمد کرنے کی مانگ کی تھی لیکن ابھی تک ان پر کوئی پیش رفت نہیں ہوئی جس کی وجہ سے اساتذہ کو سردی کے موسم میں احتجاجی طور پر کینڈل مارچ نکالنا پڑا۔ٹیچرس فورم نے وقت پر اساتذہ کی ڈی پی سی کرنے، اے ٹی ڈی پالیسی لاگو کرنے، رہبر تعلیم اساتذہ کے لیے ٹرانسفر پالیسی بنانے، ہیڈماسٹروں و لیکچرار کی تقرری عمل میں لانے، نئی پنشن سکیم کو منسوخ کرکے اولڈ پنشن سکیم بحال کرنے و عارضی بنیادوں پر کام کر رہے ملازمین کو مستقل بنانے کا مطالبہ کیا۔