ٹھٹھرتی ٹھنڈ کی صورتحال برقرار نو 10اور12/13دسمبر کو ہلکی برفباری کا امکان

پرویز احمد

سرینگر //وادی میں ٹھٹھرتی سردی اور شبانہ درجہ حرارت میں متواتر گراوٹ کی موسمی صورتحال برقرار ہے۔پہلگام میں موسم کی سرد ترین رات ریکارڈ کی گئی کیونکہ سردی کی لہر نے کشمیر پر اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔پہلگام میں درجہ حرارت منفی 5.6 اور سرینگر میں منفی 3.0 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔کشمیر گزشتہ رات شدید سردی کی لپیٹ میں آگیا۔محکمہ موسمیات کے ڈپٹی ڈائریکٹر مختار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ آئندہ ایک ہفتے کے دوران جموں کشمیر پر 2بار مغربی ہوائیں اثر انداز ہونگی۔

 

انہوں نے کہا کہ9 دسمبر کی شام تک مطلع ابر آلود رہے گا، اور 9اور 10کی درمیانی شب کپوارہ ،بارہمولہ، بانڈی پورہ، سونہ مرگ، زوجیلا، بڈگام کے بالائی علاقوں ، پیر کی گلی، مغل روڑ اور اننت ناگ کے اونچے پہاڑی علاقوں میںہلکی اور درمیانہ درجے کی برفباری ہوگی۔ انکا کہنا تھا کہ میدانی علاقوں میں بیشتر مقامات پر ہلکی برفباری اور بارشوں کا امکان ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ12اور 13 دسمبرکے آس پاس موسم ایک بارپھر خراب ہوگا اور ہلکی و درمیانہ درجے کی برفباری ہوسکتی ہے۔ اسکے بعد 17دسمبر تک موسم خشک رہیگا اور سردی میں یقینی طور پر اضافہ ہوگا۔ محکمہ موسمیات کے مطابق کپوارہ اور کوکرناگ میں منگل اور بدھ کی درمیانی رات درجہ حرارت بالترتیب منفی 1.9 اور منفی 3.1 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔