ٹنل کے آرپار ہلکی سے درمیانی بارش ،گلمرگ میں تازہ برف باری ۔26سے28مارچ تک موسم خشک رہنے کا امکان

 اشفاق سعید

سرینگر //وادی اور جموں کے علاوہ خطہ چناب میںجمعہ کوسہ پہر سے شروع ہونے والی بارشوں کاسلسلہ رات بھر جاری رہا تاہم ہفتہ کی صبح ساڑھے 8 بجے کے بعد بیشتر علاقوںمیں مسلسل بارشوںکا سلسلہ تھم گیا تھا البتہ شام کو دوبارہ بارشوں کے ساتھ تیز ہوائیں چلیں۔سنیچر کی شام دیر گئے تک بارشوں کا سلسلہ جاری تھا ۔محکمہ موسمیات نے کہاکہ ہفتہ کی صبح ساڑھے 8بجے تک سرینگر میں8.7 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی جبکہ قاضی گنڈمیں 9.8ملی میٹر،پہلگام میں9.4 ملی میٹر،کپواڑہ میں4.8 ملی میٹر،کوکرناگ میں13.6 ملی میٹر،گلمرگ میں8.2 ملی میٹر ،3.8( سینٹی میٹر) برف ریکارڈ کی گئی ۔ ادھرجموں میں بھی بارشیں ہوئیں۔ جموں میں22.3 ملی میٹر،بانہال میں33.0 ملی میٹر،بٹوٹ میں47.2 ملی میٹر،کٹرا میں29.2 ملی میٹر،بھدرواہ میں34.0 ملی میٹر،کٹھوعہ میں37.8 ملی میٹر،ادھم پور میں55.8 ملی میٹر،رام بن میں5.0 ملی میٹر،پونچھ میں12.0 ملی میٹر،کشتواڑ میں29.0 ملی میٹر،ریاسی میں15.0 ملی میٹر،اورسانبہ میں27.0 ملی میٹربارش ریکارڈکی گئی ۔تاہم ہفتہ کی صبح ساڑھے8بجے کے بعد بیشتر علاقوںمیں مسلسل بارشوںکا سلسلہ تھم گیا ،اور پھر دن بھر موسم مجموعی طور پرخشک ہی رہا۔دریں اثناء محکمہ موسمیات نے ایک تازہ بیان میں رواں ماہ کے آخرتک کی موسمی صورتحال کے بارے میں جانکاری فراہم کی ۔متعلقہ محکمہ نے ہفتہ کو شام دیر گئے کچھ علاقوںمیں گرج چمک کیساتھ مزید بارشوں اور کچھ بالائی مقامات پر برف باری ہونے کاامکان ظاہر کرتے ہوئے پیش گوئی کہ 26سے28مارچ تک جموں وکشمیر میں موسم عمومی طور پرخشک رہے گا۔محکمہ موسمیات نے مزید کہاکہ 29اور 31مارچ کوجموں وکشمیرمیں کہیں کہیں ہلکی سے درمیانی بارش ہونے کیساتھ ساتھ کسی علاقے میں ژالہ باری ہونے کابھی امکان ہے ۔ساتھ ہی محکمہ موسمیات نے کہاکہ 26سے28مارچ کے دوران کاشتکاراپنے باغات میں کیڑے مار ادویات کاچھڑکا کرسکتے ہیں ۔محکمہ موسمیات نے یہ بھی بتایاکہ26مارچ سے درجہ حرارت میں اضافہ ہونے کی توقع ہے ۔

شاہراہ پر پتھر اور تودے گر آئے
۔12گھنٹوں کے بعد دوبارہ بحال
محمد تسکین

بانہال//موسلادھاربارشوں کی وجہ سے رام بن اور بانہال سیکٹر میں مختلف مقامات پر مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میںجموں سرینگر شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت بند ہوگئی۔جسے تقریباً 12گھنٹے کے بعد بحال کیا گیا۔جمعہ کی شام سے جاری بارشوں کے نتیجے میںگر آنے والے پتھروں اور مٹی کے تودوں سے شاہراہ رام بن کے مہاڑ ، کیفٹیریا موڑ اور بانہال کے چملواس شالگڑھ اور شیر بی بی کے علاقوں میں ٹریفک کیلئے بند ہوگئی تھی۔اس دوران سینکڑوںمال بردار گاڑیاں مختلف مقامات پر درماندہ ہوگئیں ۔ ڈی ایس پی ٹریفک افتخار احمد نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ جمعہ دوپہر سے موسم میں بہتری آتے ہی شاہراہ کی بحالی کے کام میں تیزی لائی گئی اور ملبہ اور پتھروں کو صاف کرکے اسے دن کے بارہ بجے قابل آمدورفت بنایا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ شاہراہ کی بحالی کے بعد ضلع رام بن کے علاقوں میںکشمیر جانے والی درماندہ مال گاڑیوں کو چلنے کی اجازت دی گئی ہے اور بعد میں قاضی گنڈ اور ادہمپور میں روکی گئی مسافر برادر گاڑیوں کو بھی جموں اور سرینگر کی طرف نکلنے کی اجازت دی گئی ۔