سرینگر//نیشنل کانفرنس کارگذار صدر عمر عبداللہ نے جتیندر سنگھ کا نام لئے بغیر کہا کہ ’وہ کون تھا جس نے کہا کہ کشمیر میں ملی ٹینسی ختم ہورہی ہے اور اپنے آخری مرحلے میں ہے؟‘۔ انہوں نے کہا کہ صرف گذشتہ چند دنوں کے دوران دس سے زیادہ گرینیڈ حملے ہوئے ہیں۔عمر عبداللہ نے شمالی کشمیر کے ضلع بانڈی پورہ کے حاجن میں گذشتہ شام جنگجوؤں کی طرف سے فوج کے ایک کیمپ پر یو بی جی ایل گرینیڈس سے کئے گئے حملے پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ’جنگجوؤں کی طرف سے فوجی کیمپ پر حملہ کیا،فوجی گاڑی کو نشانہ بناکر آئی ای ڈی دھماکہ کیا گیا۔ حالیہ دنوں کے دوران دس سے زیادہ گرینیڈ حملے کئے گئے۔ وہ کون تھا جس نے کہا کہ کشمیر میں ملی ٹینسی ختم ہورہی ہے اور اپنے آخری مرحلے میں ہے؟‘ ۔ جتیندر سنگھ نے یکم جون کو جموں میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وادی میں جنگجویت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ انہوں نے کہا تھا ’جس طرح کی کاروائی اب ہورہی ہے، بظاہر اب جنگجویت اپنی آخری سانسیں لے رہی ہے۔ اس کا احساس پاکستان کو بھی ہونے لگا ہے‘۔