عظمیٰ نیوز سروس
سری نگر//جموں و کشمیر بی جے پی کے صدر ست شرما نے سری نگر میں بی جے پی کشمیر کے سینئر پارٹی لیڈروں کی ایک میٹنگ سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے پارٹی لیڈروں سے کہا کہ وہ آتما نربھر بھارت کے سلسلے میں سودیشی مصنوعات کو مضبوط بنانے کے لیے “وکل فار لوکل” مہم کو بھرپور طریقے سے فروغ دیں۔ ست شرما نے آتما نربھر بھارت کے وسیع تر وژن کے تحت وزیر اعظم نریندر مودی کی کال کے مطابق سودیشی مصنوعات کو اپنانے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے پارٹی قائدین سے کہا کہ وہ ’’وکل فار لوکل‘‘ پہل کے تحت ہندوستانی مصنوعات کو فروغ دینے کے لئے شہریوں اور دکانداروں تک فعال طور پر پہنچیں۔ست شرما نے زور دیا کہ سودیشی کو مجبوری میں نہیں بلکہ فخر اور یقین کے ساتھ اپنانا چاہیے۔ انہوں نے اسے ہماری قوم کی طاقت، ہمارے کاریگروں کا وقار اور ہماری معیشت کا خود اعتمادی قرار دیا۔ شرما نے کہا’میں کشمیر کے ہر دکاندار سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ فخر کے ساتھ مقامی سودیشی مصنوعات اور بورڈز کو ہمارے اجتماعی عزم کی ایک واضح علامت کے طور پر پیش کریں۔کاریگروں، کارکنوں اور علاقائی معیشت کو بااختیار بنانے کے لیے حکومت کے عزم کو اجاگر کرتے ہوئے ست شرما نے کشمیر کی جیو ٹیگ شدہ مصنوعات کی منفرد ثقافتی اور اقتصادی شناخت پر زور دیا۔تمام پارٹی لیڈروں نے سودیشی اور آتما نربھر بھارت کے پیغام کو نچلی سطح تک لے جانے کا عہد کیا، جس سے کشمیر بھر میں زیادہ سے زیادہ عوامی بیداری اور شرکت کو یقینی بنایا جائے گا۔