ووٹروں کی تصدیق کیلئے پونچھ میں مہم شروع

حسین محتشم

پونچھ//الیکشن کمیشن کی ہدایت پر انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے اور نئے وٹرس کے نام کا اندراج کروانے کے لئے ضلع ترقیاتی کمشنر پونچھ کی نگرانی میں بی ایل اوز نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ مہم کامقصد آنے والے انتخابات کے لئے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بروقت تیار کرنا ہے۔ جموں کشمیر کے دیگر اضلاع کی طرح پونچھ ضلع میں گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا عمل جاری رہے گا۔سرحدی ضلع پونچھ میں ضلع ترقیاتی کمشنر اندرجیت کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کے اساتذہ کو بطور بی ایل او تعینات کیا گیا ہے جو لوگوں کے گھروں تک پہنچ کر انکی ووٹر لسٹ کی پوری جانکاری حاصل کررہے ہیں اور جن بالغ امیدواروں کے ابھی ووٹر فہرست میں نام نہیں آئے ہیں انکا نام درج کرنے اور دیگر دستاویزات ووٹر لسٹ میں اندراج کروانے کے متعلق عوام کو شعور بیدار کروایا جارہا ہے تاکہ آنے والے انتخابات میں تمام ووٹران کی پوری جانکاری حاصل کی جاسکیں۔بوپیندر سنگھ بی ایل او وارڈ نمبر ساتھ پونچھ نے بتایا انتخابی فہرست کی گھرگھر تصدیق کا عمل شروع ہو چکا ہے اس تصدیق کے عمل میں تصدیق کنندہ گھرگھرجاکردرج شدہ افراد کے کوائف کی تصدیق اور انکے اہل خانہ کے کوائف کی تصدیق کر ریے ہیں اسکے علاوہ وہ لوگ جن کانام انتخابی فہرست میں درج نہ ہووہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے موجودہ یا مستقل پتہ پر اپنے انتخابی علاقے میں درج کرواسکیں گے۔انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف انڈیا نے گھر گھر ووٹرزکی تصدیقی مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ملک بھر میں افسران کو تعینات کیا ہے ہمیں بھی پونچھ میں جاری انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے حوالے سے مانیٹرنگ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں لوگوں سے انتخابی فہرستوں میں درستگی کے لئے تعاون کی اہیل کی۔