وزیر اعظم کا متاثرین کیلئے امداد کا اعلان

 یو این آئی

 

نئی دہلی//وزیر اعظم نریندر مودی نے پیر کے روز ترکی میں آنے والے زلزلہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کا اعلان کیا۔یہاں انڈیا انرجی ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر مودی نے کہا، ”اس وقت ہم سب کی نظریں ترکی میں آنے والے تباہ کن زلزلے پر ٹکی ہوئی ہیں، جس کی وجہ سے بہت سے لوگوں کی المناک موت ہوئی ہے اور بڑے پیمانے پر نقصان ہوا ہے ۔

 

ملک کے 140 کروڑ عوام کی ہمدردیاں ترکی میں زلزلہ کے متاثرین کے ساتھ ہیں۔ ہم زلزلہ کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کے لیے تیار ہیں۔ادھر یہ فیصلہ کیا گیا کہ ترکی کی حکومت کے تال میل کے ساتھ این ڈی آر ایف کی تلاش اور بچاؤ ٹیموں اور طبی ٹیموں کو امدادی سامان کے ساتھ فوری طور پر روانہ کیا جائے گا۔ 100 اہلکاروں پر مشتمل این ڈی آر ایف کی دو ٹیمیں ، خصوصی طور پر تربیت یافتہ ڈاگ اسکواڈ اور ضروری سا ز و سامان کے ساتھ تلاش اور بچاؤ کے کاموں کے واسطے زلزلہ سے متاثرہ  علاقے کے لیے ہوائی جہاز سے روانہ ہونے کے لیے تیار ہیں تربیت یافتہ ڈاکٹروں اور ضروری ادویات کے ساتھ۔ طبی ٹیموں کو بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ امدادی سامان  ترکی کی حکومت اور انقرہ میں ہندوستانی سفارت خانے اور استنبول میں قونصلیٹ جنرل کے دفتر کے تال میل کے ساتھ روانہ کیا جائے گا۔