راجوری//بھاجپا لیڈر و ممبر قانون ساز کونسل ایڈووکیٹ وبودھ گپتا نے مختلف علاقوں کا دورہ کرکے ترقیاتی کاموں کا جائزہ لیا ۔اس دوران انہوںنے کچھ پروجیکٹوں کا افتتاح بھی کیا اور ساتھ ہی مقامی مدرسہ کے بچوںسے ملاقات کی ۔موصوف نے اپر جواہر نگر میں 400کے وی بجلی ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا ۔اس کے بعد انہوںنے بڈھانوں گائوں میں 63کے وی ٹرانسفارمر کا افتتاح کیا ۔مقامی لوگوں سے خطاب میں گپتا نے کہاکہ وہ راجوری کو ماڈل علاقہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ نئے ٹرانسفارمروںسے لوگوں کو بجلی کی بہتر سپلائی فراہم ہوگی اور یہ عوام کی دیرینہ مانگ تھی ۔ انہوںنے کہاکہ حکومت عوام کو ان کی دہلیز پر بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی وعدہ بند ہے ۔اس دوران ایم ایل سی نے مقامی مدرسہ کا دورہ کرکے طلباء کے ساتھ تبادلہ خیال کیا ۔انہوںنے طلباء کو درپیش مسائل بھی سنے ۔ انہوںنے کہاکہ مدرسے میں زیر تعلیم طلباء ملک کا مستقبل ہیں اور ان کی ملک کی تعمیر وترقی میں خدمات اہم ہیں ۔ انہوںنے وزیر اعظم نریندر مودی کا حالیہ بیان دہرایا جس میں انہوںنے کہاتھاکہ مسلم طلباء ایک ہاتھ میں قرآن اور دوسرے ہاتھ میں لیپ ٹاپ رکھیں ۔انہوںنے طلباء پر زور دیاکہ وہ اپنی پڑھائی پر دھیان دیں اور ذمہ داری شہری بنیں ۔ان کے ہمراہ اتم پرکاش گپتا ، نیتا کوچھر ، راجن رتن ، جسبیر سنگھ ، گوری شرما، سنی شرما، راہل کمار ، محمد اشفاق ، محمد شبیر ، ضیا الحق ، وسیم ، محمد صدیق ، راکیش رینہ ، مہندر سنگھ اور پرشوتم سنگھ بھی تھے۔