عارف بلوچ +عازم جان
اننت ناگ+بڈگام+بانڈی پورہ//وادی میں گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران الگ الگ حادثوں میں 3ہلاکتیں ہوئیں جبکہ ماں بیٹے سمیت چارزخمی ہوگئے۔کنڈل پتھری ڈھوک والٹینگو ناڈ میں منگل اور بدھ کی درمیانی شب میں زبردست بارشوں، تیز ہوائوں اور بجلی گرجنے سے بھاری بھر کم پیڑ ایک خیمہ پر گر گیا جس کے نتیجے میں خیمہ میں موجود خانہ بدوش کنبہ کے 4 افراد زخمی ہوگئے جن میں سے محمد شفیع بوکڈ اور اسکی بہو ریحانہ بیگم ساکنہ راجوری حال کنڈ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ اس حادثہ میں 2 دیگر زخمی ہوگئے۔اموات کی خبر پھیلتے ہی علاقہ میں صف ماتم بچھ گئی۔اس بیچ ضلع ترقیاتی کمشنر، ایس ایس پی کولگام،ممبر اسمبلی دیوسر کے علاوہ دیگرسول و پولیس افسران نے علاقہ کا دورہ کیا اور پسماندگان کو ہرممکن مدد دینے کا وعدہ کیا۔ بڈگام کے بیروہ علاقے میں ایک تیز رفتار ٹپر نے سکوٹی کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں ایک خاتون اور اس کا بیٹا شدید زخمی ہو گئے۔عینی شاہدین نے بتایا کہ حادثہ سڑک کے ایک مصروف حصے پر اس وقت پیش آیا جب تیز رفتاری سے جا رہے ٹپر نے دو پہیہ گاڑی کو ٹکر مار دی اور ماں بیٹے کی جوڑی کو سکوٹی سے نیچے پھینک دیا۔مقامی لوگوںنے موقع پر پہنچ کر زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا جہاں ماں نے دم توڑ دیا جبکہ بیٹے کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔پولیس نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملوث گاڑی کا سراغ لگانے کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔ ادھرسوناواری میں ٹریکٹر اُلٹ جانے سے ایک شخص اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔ مقامی لوگوں کے مطابق حاجن سوناواری کے مرکنڈل گائوں میں ٹریکٹر الٹ گیا، اس دوران ایک رہائشی سمیع اللہ ڈار شدید زخمی ہوگیا۔ شدید زخمی سمیع اللہ کو فوری طور پر قریبی طبی سہولت سینٹر پہنچایا گیاجہاں وہ زخموں کی تاب نہ لا کر دم توڑ بیٹھا۔پولیس نے اس واقعے کا نوٹس لیکر حادثے کی وجہ معلوم کرنے کیلئے تفتیش شروع کردی۔
فاروق عبداللہ اورمیاں الطاف کااظہار افسوس
سرینگر//نیشنل کانفرنس صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کولگام کے بالائی علاقے والٹینگو نار کنڈ میں ایک خانہ بدوش کنبے کے خیمے پر درخت اور چٹان گرآنے سے باپ اور بیٹی کے لقمہ اجل اور دو کے زخمی ہونے پر گہرے صدمے کا اظہار کیاہے۔ انہوں نے لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کیساتھ تعزیت کا اظہار کیا اور دعا کی کہ انہیں یہ صدمہ عظیم برداشت کرنے کی توفیق عطا کرے۔ انہوں نے حکومت پر زور دیا کہ لقمہ اجل بنے افراد کے لواحقین کو ایکس گریشیا ریلیف فراہم کی جائے اور ساتھ ہی زخمی ہوئے افراد کو بہتر سے بہتر علاج و معاملہ فراہم کیا جائے۔ پارٹی کے رکن پارلیمان میاں الطاف احمد نے بھی اس سانحہ پر گہرے صدمے کا اظہار کیا ہے اور انتظامیہ سے تمام راحت کاری اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔