وادی میں سہ پہر بعد جم کر بارشیں ۔ 2جون تک صورتحال بدستور غیر موافق رہنے کا امکان

 نیوز ڈیسک

سرینگر // پیر کو وادی کے بیشتر علاقوں میں جم کر بارشیں ہوئیں۔محکمہ موسمیات نے جموں و کشمیر میں 2 جون تک وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔محکمہ نے کہا کہ فی الحال، زیادہ تر مقامات پر موسم جزوی طور پر ابر آلود رہے گا اور آئندہ چند روز کے دوران بھی وقفے وقفے سے ہلکی سے اعتدال پسند بارش یا گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ہے۔انہوں نے کہاکہ گرج چمک کے ساتھ 2 جون تک بکھرے ہوئے مقامات پر ژالہ باری اور تیز ہوائوں کا امکان ہے۔

 

 

محکمہ موسمیات نے کہا کہ “کسی بڑی بارش کی کوئی پیش گوئی نہیں ہے”۔انہوں نے کہا کہ3 سے 6 جون تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔اس نے کاشتکاروں کو موسم کی خراب پیش گوئی کے درمیان 2 جون تک سپرے کرنے اور فصلوں کی کٹائی کے فارم آپریشن کو ملتوی کرنے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے سوموار کو الرٹ جاری کیا تھا کہ سہ پہر کے بعد3گھنٹوں کے دوران اننت ناگ، بڈگام، بانڈی پور، بارہمولہ، ڈوڈہ، گاندربل، کولگام، کپواڑہ، پلوامہ، پونچھ، رام بن، شوپیان اور سرینگر اضلاع میںموسلادھار بارش یں ہونگی۔سہ پہر سے پہلے کرناہ اور کپوارہ کے علاوہ کچھ شمالی کشمیر اور سہ پہر بعد 5شہر سرینگر سمیت دیگر علاقوں میں بارشیں شروع ہوئیں جبکہ متعدد علاقوں میں تیز ہوائیں بھی چلیں۔ بڈگام اورگاندربل اضلاع میں بھی پانچ بجے سے گرج چمک کیساتھ درمیانی اورتیز بارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ بارہمولہ ،بانڈی پورہ اور کپوارہ اضلاع میں سہ پہر چار بجے سے ہی گھنے بادل چھاگئے اور اسکے بعدبارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔اننت ناگ ،پلوامہ ،شوپیان اورکولگام اضلاع میں بھی سہ پہر چار بجے کے بعدبارشوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ۔اس دوران جموں خطے کے راجوری وپونچھ اضلاع کے علاوہ رام بن،ڈوڈہ ،کشتواڑ اوراودھم پورمیں بھی پیرکی سہ پہر بارشوںکا سلسلہ شروع ہوگیا۔ جموں وکشمیرکے کم سے کم 15اضلاع میں کہیں ہلکی ،کہیں درمیانی اور بیشتر علاقوںمیں موسلا دار بارشوں کا سلسلہ جاری تھا۔