وادی میںرم جم بارشیں | 23مارچ تک موسم خراب رہنے کا امکان

اشفاق سعید
سرینگر //اتوار کو وادی میں دن بھر موسم ابر آلود رہا اور سہ پہر بعد رم جم بارشیں اور گلمرگ میں ہلکی برفباری ہوئی۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں تک مزید بارشوں اور ہلکی برفباری کی پیشگوئی کرتے ہوئے 21مارچ تک موسم مجموعی طو ر پر ابر آلود رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ اتوار کو شہر سرینگر کے ساتھ ساتھ جنوبی ، شمالی اور وسطی کشمیر کے میدانی علاقوں میں ہلکی بارشیں ہوئی جبکہ گلمرگ ، سونہ مرگ ، زوجیلا کے علاقوں میں ہلکی برفباری ریکارڈ کی گئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق سرینگر میں 24 گھنٹوں میں 0.2 ملی میٹر بارش ہوئی، قاضی گنڈ میں 15.0 ملی میٹر، پہلگام میں 0.5 ملی میٹر، کپواڑہ میں 0.7 ملی میٹر، کوکرناگ میں 19.8 ملی میٹر، گلمرگ میں 1.6 ملی میٹر، بانہال میں 33.2 میٹر، بٹوٹ اور کٹرا میں 4 ملی میٹر بارش ہوئی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہوائیں جموں کشمیر میں اثر اندوز ہو رہی ہے جس کے چلتے 23 مارچ تک موسمی صورتحال خراب رہے گی جس دوران بارشیں ہونگی۔