وادی بھر کے اضلاع میں یوم دستور کی تقریبات ڈپٹی کمشنروں کی قیادت میں افسروں اور ملازمین نے آئین کی پاسداری کاحلف لیا

سرینگر//کشمیرصوبے میں یوم دستور کو جوش وخروش اورحب الوطنی کے جذبے کے ساتھ منایاگیا۔یوم دستور ہرسال26نومبر کو منایاجاتا ہے جب1949کو ملک کا آئین ،ملک کی آئین سازاسمبلی نے منظور کیا جو26جنوری 1950سے نافذہوا۔وادی کے تمام ضلع صدرمقامات پر متعلقہ ڈپٹی کمشنروں نے ان تقاریب کی صدارت کی۔بارہ مولہ میں یوم دستور منانے کے سلسلے میں ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں تقریب منعقد ہوئی جس کی صدارت ضلع ترقیاتی کمشنر ڈاکٹر سحرش اصغر نے کی۔تقریب میں تمام ضلع حکام نے شرکت کی۔ضلع کمشنر نے اس موقعہ پردستور کی تمہیدکوپڑھا۔اس دوران تمام ضلع حکام نے انصاف،بھائی چارے،اور برابری کو فروغ دینے کاعہدکیا۔اسی طرح کی تقاریب ضلع کے دیگر سرکاری دفاتر میں بھی منعقد ہوئیں۔بڈگام میں یوم دستور تقاریب پورے ضلع میں منائی گئیں۔اس موقعہ پر تمام دفاتر میں حلف برداری تقاریب ہوئیں۔ڈپٹی کمشنر بڈگام ایس ایف حمیدنے ضلع صدرمقام پرتقریب کی صدارت کی جس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر بڈگام ڈاکٹرناصراحمد نے بیسیوں ملازمین کے سامنے آئین کی تمہید کوپڑھا۔گاندربل میں ضلع انتظامیہ نے بھی یوم دستور تقریب منائی جس میں ڈپٹی کمشنر گاندربل نے آئین کی تمہید کو پڑھااورشرکاء کوحلف دلایا۔اسی طرح کی تقرین کنگن سب ڈویژن میں بھی منعقد ہوئی۔کولگام میں بھی یوم دستور منایا گیا،جہاں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ ڈیولمپنٹ کمشنر شوکت احمد راتھر نے آئین کی تمہید کوپڑھااورتمام شرکاء نے حلف لیا۔شوپیان میں منعقدہ تقریب میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر یارعلی خان نے ضلع سطح کی تقریب میں آئین کی تمہیدکوپڑھا۔ڈپٹی کمشنر شوپیان سچن کمار رویشیا اور دیگر سینئرحکام بھی اس موقعہ پر موجودتھے۔زینہ پورہ سب ڈویژن میں بھی یوم دستور منایاگیا ۔کپوارہ میں یوم دستور کے موقعہ پر ڈپٹی کمشنر کے دفتر میں تمام افسروں اور ملازمین نے آئین کی تمہید کوپڑھا۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کپوارہ غلام نبی بٹ نے تمام شرکاء کو حلف دلایا۔یوم آئین ضلع کے تمام تعلیمی اداروں اور سرکاری دفاترمیں بھی منایاگیا۔بانڈی پورہ میں یوم دستور کے سلسلے میں منی سیکریٹریٹ میں تقریب منعقد ہوئی جس میںڈسٹرکٹ نوڈل افسرمحمد اشرف حکاک نے دیگر افسروں کے ساتھ آئین کی تمہیدکوپڑھا اورآئین کی پاسداری کرنے کاعہدکیا۔اسی طرح کی تقریب گریز میں بھی منعقد ہوئی جہاںحکام نے آئین کی تمہیدکوپڑھااوراس کی پاسداری کرنے کا عہدکیا۔