وادی اور جموں میں سیکورٹی کے غیر معمولی انتظامات | یومِ آزادی آج سرینگر کرکٹ سٹیڈیم میں سب سے بڑی تقریب ہوگی، ایل جی مارچ پاسٹ پر سلامی لینگے

بلال فرقانی

سرینگر// ملک کے76 ویں یوم آزادی سے پہلے اتوار کو جموں اورکشمیر میں سیکورٹی سخت کر دی گئی ہے تاکہ سرکاری تقریبات بغیر کسی خلل کے منعقد کی جاسکیں۔یوم آزادی پرچم کشائی اورپریڈ کی سربراہی لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا کریں گے جو سرینگر شہر کے شیر کشمیر کرکٹ اسٹیڈیم میں مرکزی تقریب میں شرکت کریں گے۔ڈرون، سونگھنے والے کتے اور ہائی ٹیک الیکٹرانک سرویلنس گیجٹری مقامی پولیس اور نیم فوجی دستوں کی طرف سے فراہم کی جانے والی انسانی حفاظت میں اضافہ کریں گے جنہیں مرکزی تقریب کے مقام پر اور اس کے ارد گرد تعینات کیا گیا ہے۔پریڈ کے مقام کے ارد گرد اور دیگر حساس مقامات اور حفاظتی تنصیبات پر بھی چوکسی رکھنے کے لیے پولیس و سیکورٹی اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔شارپ شوٹرز کو پریڈ کے مقام کے ارد گرد تمام اونچی عمارتوں کے اوپر رکھا گیا ہے۔انتظامات سے وابستہ سینئر پولیس افسران نے بتایا کہ پریڈ کے مقام کے ارد گرد اور سرینگر شہر کے بیشتر دیگر علاقوں میں ڈرون کے ذریعے فضائی نگرانی کی جارہی ہے۔ان انتظامات کی نگرانی کرنے والے ایک سینئر پولیس افسر نے کہا کہ “دیگر تمام ضلعی ہیڈکوارٹرز میں یوم آزادی کی مرکزی تقریبات کے مقامات کو محفوظ بنانے کے لیے سیکورٹی کو سخت کر دیا گیا ہے۔”گاڑیوں کی بے ترتیب چیکنگ اور مسافروں اور پیدل چلنے والوں کی چیکنگ کی جاتی رہی تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ عسکریت پسندوں کو جشن آزادی کے موقع پر کسی بھی قسم کی مہم جوئی سے روکا جا سکے۔ایگزیکٹیو پولیس، جموں و کشمیر مسلح پولیس، سی آر پی ایف، سشاستر سیما بال، فائر اینڈ ایمرجنسی سروسز، فاریسٹ پروٹیکشن فورس، نیشنل کیڈٹ کور، سول ڈیفنس ڈیپارٹمنٹ کے علاوہ سرینگر کے 14 اسکولوں کے طلباء پریڈ کے دوران پوڈیم کے سامنے مارچ پاسٹ کریں گے۔ضلع صدر مقامات پر بھی سکولوں کے طلبہ و طالبات مارش پاسٹ میں حصہ لیں گے اور رنگا رنگ تقریبات کا حصہ ہونگے۔جموں کے مولانا آزاد روڑ سٹیڈیم میں جموں کشمیر کی دوسری سب سے بڑی منعقد ہورہی ہے جہاں امکانی طور پر ایل جی کے مشیر بھٹناگر مارچ پاسٹ پر سلامی لیں گے اور ترنگا لہرائیں گے۔جموں میں بھی سیکورٹی انتہائی سخت کردی گئی ہے اور پولیس و سیکورٹی ایجنسیوں نے سٹیڈیم کو دو روز قبل ہی اپنی تحویل میں لیا تھا۔جموں صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی سیکورٹی کا معقول بندو بست کیا گیا ہے۔ خطہ جموں کے علاوہ، پیر پنچال اور چناب میں بھی تقریبات کے حوالے سے سیکورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔