نیلم کھنگالنے والی ٹیم کشتواڑ پہنچ گئی ضلعی انتظامیہ سے ایکشن پلان پر تبادلہ خیال

نیوز ڈیسک

کشتواڑ//ضلع کشتواڑ کے پاڈر علاقے میں نیلم کی تلاش کے لیے تعینات ایک ماہر ٹیم نے ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر دیوانش یادو کی صدارت میں منعقدہ میٹنگ میں ضلع انتظامیہ کے ساتھ ایکشن پلان پر تبادلہ خیال کیا۔میٹنگ میں ڈائریکٹر، جیولوجی اینڈ مائننگ او پی بھگت ،جوائنٹ ڈائریکٹر، ارضیات اور کان کنی جموں، ہربنس لال ڈسٹرکٹ منرل آفیسر، ڈاکٹر برجیش منہاس،سب ڈویڑنل مجسٹریٹ پاڈر ڈاکٹر رشی کمارجیولوجیکل سروے آف انڈیا جموں کے سینئر ماہر ارضیات نیرج کمار کے علاوہ ایم ای سی ایل کی نمائندگی جنرل منیجر (جیولوجی) پی آر نائر اور ڈائریکٹر ٹیکنیکل پنکج پانڈے نے شرکت کی۔ ٹیم نے میٹنگ کو مقررہ علاقے میں سیفائر کی تحقیقات کے لیے بنائے گئے ایکشن پلان سے آگاہ کیا۔

 

 

ٹیم نے اپنے قیام کے دورانیے کے بارے میں بصیرتیں شیئر کیں، جس کی توقع ہے کہ موسمی حالات کے مطابق یہ 90 دن پر محیط ہوگا۔کامیاب تلاش کے تقاضوں کی روشنی میں، تحقیقاتی ٹیم نے ضلعی انتظامیہ سے سہولت اور تعاون کی درخواست کی۔ایکسپلوریشن پراجیکٹ کی اہمیت کو تسلیم کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے ٹیم کو ہر ممکن انتظامی تعاون کا یقین دلایا اور متعلقہ محکموں کو ضروری ہدایات جاری کیں۔میٹنگ کا اختتام کشتواڑ میں سیفائر کی تلاش کی کوششوں کو آگے بڑھانے کے مشترکہ عزم کے ساتھ ہوا، جس کا مقصد خطے کی صلاحیت کو بروئے کار لانا اور اس کی اقتصادی ترقی میں حصہ ڈالنا ہے۔