نیشنل کانفرس کارکن کی جانب سے سروڑی کے خلاف قابل اعتراض الفاظ استعمال کرنیکا الزام ڈی ڈی سی چیئرپرسن کی کرسی دائو پر ، کارروائی نہ ہو نے کی صورت میں کانگریس کا حمایت واپس لینے کا انتباہ

عاصف بٹ

کشتواڑ// سابق وزیر و کانگریس کے سینئر لیڈر غلام محمد سروڑی کے خلاف نیشنل کانفرس کے جلسے میںپارٹی کارکن کی جانب سے مبینہ طورقابل اعتراض الفاظ استعمال کرنے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کانگرس نے نیشنل کانفرنس سے ضلع ترقیاتی کونسل چیئرمین شپ سے اپنی حمایت واپس لینے کی دھمکی دی ہے جسکے بعد نیشنل کانفرنس خیمے میںمایوسی چھائی ہوئی ہے اور چیئرپرسن شپ جانے کا خطرہ منڈلارہاہے۔تفصیلات کے مطابق چندروز قبل نیشنل کانفرنس کی جانب سے ضلع ہیڈکوارٹر کشتواڑ میں ایک میٹنگ کا انعقاد ہوا جس میں ضلع صدر تنویر کچلو ، سابق ایم ایل اے جلال الدین قاضی و دیگر سینئر لیڈران موجود تھے جنکی موجودگی میں پنچایت الیکشن میں حصہ لے چکے اندروال سے تعلق رکھنے والے محمد اسلم نے سابق وزیرکے خلاف مبینہ طور قابل اعتراض الفاظ کا استعمال کیا جسکو لیکر کانگریس کے خیمے میں سخت نارضگی پائی جارہی ہے اور اسکے خلاف پارٹی کے لیڈران کی جانب سے سخت کاروائی کامطالبہ کر کے انتباہ دے رہے ہیں کہ ایسا نہ کرنے کی صورت میں ڈی ڈی سی چیئرپرسن شپ سے حمایت واپس لی جائے گی۔واضح رہے کہ کشتواڑ ضلع ترقیاتی کونسل کی 14 نشستوں میں نیشنل کانفرنس کے پاس کل چھ ممبر ہیں جبکہ کانگریس کے پاس دو ممبران اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے تین ،ا یک آزاد ممبر اور ایک اپنی پارٹی کا ہے جبکہ کانگریس و نیشنل کانفرس کے ایک ایک ممبر نے بی جے پی کے ساتھ وفاداری دکھائی ہے جسکے بعد سے نیشنل کانفرنس کی چیئرپرسن کی کرسی خطرے میں پڑرہی ہے۔ اگر کانگرس نے اپنی حمایت واپس لی تو چیئرپرسن شپ ختم ہوجائے گی۔

 

کشمیر عظمیٰ کو نیشنل کانفرس کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ ضلع ہیڈکوارٹر پر اندروال حلقے کا اجلاس بلایا گیا تھا جس دوران ا یک شخص نے اسطرح کے الفاظ کا استعمال کیا جس پرسینئر لیڈر سجاد احمد کچلو نے سخت ناراضگی ظاہر کی ہے جبکہ امید ظاہر کی جارہی ہے کہ پارٹی کی ضلع قیادت جلد اسکے خلاف کاروائی عمل میں لائے گی تاکہ چیئرپرسن شپ پر کوئی اثر نہ پڑے۔کانگریس کے ایک مقامی لیڈر نے بتایا کہ انہوںنے تین روز کا وقت دیاتھا لیکن پانچ روزکاعرصہ گزرجانے کے بعد بھی کوئی کاروائی نہیں ہوئی جوناقابل برداشت ہے ۔انکا کہنا تھا ’’ ضلع کی چیئرپرسن شپ کیلئے شرائط پر اتحاد کیا گیاتھا اور اگر اسکی خلاف ورزی ہوئی تو ہم اپنی حمایت فوری طور واپس لیںگے‘‘۔کانگرس کے سینئر لیڈر رندیپ بھنڈاری نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ پانچ روز کا عرصہ گزرجانے کے بعد بھی ابھی تک کوئی کاروائی اس شخص کے خلاف نہیں ہوئی ہے اور ہم مسلسل اپنے فیصلے پر ہیں اوراگراس شخص کے خلاف جلد کاروائی نہ ہوئی تو ہم اپنی حمایت ضلع ترقیاتی کونسل کی چیئرپرسن سے واپس لیں گے۔ انھوں نے بتایا کہ کانگریس کے سینئر لیڈرغلام محمد سروڑی مڑواہ دورے پر ہیں اور ہمیں انکی واپسی کا انتظارہے جسکے بعد پارٹی کی قیادت میٹنگ میں آگے کا لائحہ عمل طے کرے گی۔ کشمیر عظمیٰ نے نیشنل کانفرنس و کانگریس کے سابق وزرا ء سے فون پر رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن ان سے رابطہ ممکن نہ ہوسکا۔