رمیش کیسر
نوشہرہ// شدید گرمی اور مسلسل بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کے باعث خطے کے جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات میں اضافہ ہونے لگا ہے، جس کے نتیجے میں قیمتی جنگلات، سبزہ اور جنگلی حیات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے۔ ہر گزرتے دن کے ساتھ گرمی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور اسی کے ساتھ جنگلات میں آتشزدگی کے خطرات بھی بڑھتے جا رہے ہیں۔منگل کی دوپہر نوشہرہ کے دبڑ برسالی جنگل میں اچانک آگ نمودار ہوئی جس نے دیکھتے ہی دیکھتے جنگل کے ایک حصے کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ اطلاع ملتے ہی محکمہ جنگلات کے اہلکار فوری طور پر موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث آگ کو مزید پھیلنے سے روک دیا گیا۔
مقامی لوگوں کے مطابق گرمی کی شدت، خشک موسم اور تیز ہواؤں کی وجہ سے جنگلات میں آگ تیزی سے پھیلتی ہے۔ کئی مرتبہ آگ اتنی خوفناک شکل اختیار کر لیتی ہے کہ محکمہ جنگلات کے اہلکار بھی بے بس دکھائی دیتے ہیں اور بڑے پیمانے پر جنگلات جل کر خاکستر ہو جاتے ہیں۔ماہرین کا کہنا ہے کہ جنگلات میں لگنے والی آگ نہ صرف قیمتی درختوں اور قدرتی وسائل کو تباہ کر رہی ہے بلکہ جنگلی حیات کے لئے بھی شدید خطرہ بن چکی ہے۔ آگ کی لپیٹ میں آ کر بے شمار جنگلی جانور، پرندے اور دیگر جاندار متاثر ہوتے ہیں جبکہ سرسبز پہاڑیاں اور جنگلات راکھ کے ڈھیروں میں تبدیل ہو رہے ہیں۔مقامی شہریوں نے حکومت اور محکمہ جنگلات سے مطالبہ کیا ہے کہ جنگلات میں آگ لگنے کے واقعات کو روکنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ ان کا کہنا ہے کہ ہر سال موسم گرما میں جنگلات میں آگ لگنے کے باعث سبزہ تیزی سے ختم ہوتا جا رہا ہے، جس سے ماحولیاتی توازن بھی متاثر ہو رہا ہے۔انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی کہ جنگلاتی علاقوں میں احتیاط برتی جائے اور سگریٹ، آگ یا دیگر آتش گیر اشیاء استعمال کرنے سے گریز کیا جائے تاکہ قدرتی وسائل کو تباہی سے بچایا جا سکے۔