نظر بند نوجوانوں کیلئے عام معافی دینے کی کوشش | لسٹ بنانے کا عمل جاری، وزیر داخلہ سے ملیں گے: بخاری

بلال فرقانی
سرینگر // ’ اپنی پارٹی‘ سربراہ سید الطاف بخاری نے کہا ہے کہ جیلوں میں نظر بند نوجوانوں کی رہائی کیلئے سرعت سے کوشش کی جائیگی اور اس معاملے کو مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کیساتھ بہر صورت اٹھایا جائیگا۔ پارٹی ہیڈکوارٹر پر ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پارٹی نے جیلوں میں بند نوجوانوں کی فہرستیں تیار کرنے کیلئے دو رکنی کمیٹی بنائی ہے، جس میں جموں اور کشمیر کے صوبائی صدور شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ نظر بند نوجوانوں کے والدین سامنے آرہے ہیں اور وہ درخواستیں دے کر جیلوں میں بند انکے عزیز و اقارب کے بارے میں تفصیلات دے رہے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نظر بند نوجوانوں کی تفصیلات جمع کی جارہی ہیں اور یہ عمل مکمل ہونے کے بعد پارٹی کے لیڈران اور قانونی ٹیم جیلوں میں جائیں گے تاکہ نطر بند نوجوانوں کے ساتھ بات چیت کی جائے۔الطاف بخاری نے کہا کہ یہ معاملہ انہوں نے پہلے ہی امیت شاہ کیساتھ اٹھایا ہے جب وہ پچھلے ماہ وادی کے دورے میں آئے تھے۔انہوں نے کہا کہ ان سے ملاقات کے حوالے سے بھی میڈیا نے نہ جانے کس طرح کی رپورٹینگ کی، حالانکہ وزیر داخلہ شام کو سرینگر پہنچے تھے،۔ انکا کہنا تھا کہ انکے پارٹی لیڈر ان سے ملاقات کیلئے گئے ، جہاں اس وقت تاجر، دیگر طبقوں کے لوگ اور بھی بہت سارے لوگ ملاقات کیلئے آئے تھے۔بخاری نے کہا کہ انکے ساتھ ملاقات میں مرکزی ہوم سیکریٹری، محکمہ داخلہ کے سیکریٹری، ڈائریکٹر جنرل پولیس دلباغ سنگھ اور دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا’’ ہم نے مرکزی وزیر داخلہ سے در خواست کی کہ نوجوانوں کو ایک موقعہ دیا جانا چاہیے اور اسکے لئے انہیں عام معافی دی جائے‘‘۔بخاری کا مزید کہنا تھا’’ مرکزی ہوم سیکریٹری نے اس موقعہ پر کہا کہ سبھی نوجوانوں کو عام معافی نہیں دی جاسکتی، البتہ جنہوں نے جرائم نہیں کئے ہوں یا جو جرم کرنے میں کم ملوث رہے ہوں، انہیں معافی دینے کے بارے میں سوچا جاسکتا ہے‘‘۔بخاری نے کہا کہ انکی پارٹی لسٹ بنارہی ہے جس کے بعد ان نوجوانوں کے گھروں میں جانے کا پروگرام ہے، مقامی مسجد کمیٹیوں کیساتھ بات کی جائے گی تاکہ ایسے نوجوانوں کے بارے میں مکمل جانکاری مل سکے۔