نظام ہاضمہ کے مختلف کینسر | عام لوگوں کو جانکاری دینے پرڈائریکٹرسکمزکازور

نیوز ڈیسک

سرینگر //شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز صورہ کے شعبہ میڈیکل آنکولوجی کی جانب سے ہفتہ کو ’’ نظام ہاضمہ میں سرطان کے شواہد اور روکتھام کے نظام‘‘ موضوع پر ایک روزہ ورکشاپ کے دوران نظام ہاضمہ میں کینسر کے موضوع پر مختلف تحقیقی مقالات پیش کئے گئے ۔اس موقعہ پرڈائریکٹر سکمز پروفیسر پر ویز احمد کول بطور مہمان خصوصی موجود رہے۔

 

اپنے خطاب میں ڈائریکٹر سکمز ڈاکٹر پرویز کول نے کہا کہ پروگرام کے دوران منعقد ہونے والے مختلف سیشنوں کے دوران ہونے والے مباحثے کافی فائدہ مند ثابت ہونگے اور کینسر مریضوں کے علاج و معالجہ میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بنیاد کی وجہ سے شعبہ ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ اس موقع پر شعبہ کے سابق سربراہ پروفیسر ایم وے کھرادی نے شرکاء پر زور دیا کہ وہ نظام ہاضمہ کے کینسروں کے بارے میں لوگوں کو جانکاری دیں اور اس مقصد کیلئے تعلیم ودیگر اداروں کا استعمال کریں۔ پروفیسر کھرادی نے سکمز انتظامیہ کی کوششوں کی سراہنا کی ۔

 

اس موقع پر ڈین میڈیکل فیکلٹی پروفیسر بشیر احمد لاوے میڈیکل سپر انٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق احمد جان نے بھی خطاب کیا ۔ پروفیر لاوے اور پروفیسر فاروق احمد جان نے اس موقع پر شعبہ کو پروگرام منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ شعبہ کے سربراہ اور آرگنازینگ چیرمین پروفیسر نذیر احمد خان نے مہمانوں اور شرکاء کا شکریہ اداد کیا اور نظام ہاضمہ کے سرطان کے مختلف وجوہات پر تفصیلی روشنی ڈالی اور اُمید ظاہر کہ ورکشاپ سے لوگوں کو کافی مدد ملے گی۔ پروگرام کے اختتام پر ڈاکٹر شوق القمر وانی نے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کیا ۔