مینڈھر//مینڈھر سے بہنے والے نالے کے ارد گرد کی آبادی کو ہرسال برسات کے موسم میں نقصان اٹھاناپڑتاہے تاہم محکمہ فلڈ کنٹرول اس حوالے سے کوئی تحفظاتی اقدام نہیں کررہا ۔مقامی شہریوںمحمد خلیل ،محمد زمان،محمد فضل اور جمال دین نے بتایا کہ ناڑ دھوڑیاں اور گورسائی سے لے کر نالہ مینڈھر سرحدی علاقہ بلنوئی تک بے شمار لوگوں کی زمینوں کا نقصان کرتا ہے ،خاص طور پربارشوں کے موسم میں سینکڑوں کنال اراضی بہہ جاتی ہے لیکن محکمہ فلڈ کنٹرول کی طرف سے اس جانب کوئی دھیان نہیں دیاجارہا۔انہوںنے الزام لگایاکہ محکمہ کے ملازمین صرف سرنکوٹ اور پونچھ میں کام کرتے ہیںلیکن مینڈھر کے اندر نہ کے برابر کام ہواہے۔ ان کا کہنا ہے کہ مینڈھر میں سیاسی اثر ورسوخ رکھنے والے لوگ تھوڑا بہت کام کروالیتے ہیں مگر باقی کسی کاکوئی کام نہیں ہوتااور ہر بار فنڈز نہ ہونے کا بہانہ بنایاجاتاہے۔ ان کا کہناہے کہ اگر کروڑوں روپے سرنکوٹ اور پونچھ کے اندر لگائے جاتے ہیں تو پھر ملازمین مینڈھر میں کیوں کام نہیں کرواسکتے ۔انہوںنے کہاکہ محکمہ کی عدم توجہی کے سبب ہر سال نالے کے اردگرد رہنے والے لوگوں کی اراضی اور مکانات کو نقصان ہوتاہے ۔انہوںنے کہاکہ زمینی سطح پر کوئی کام نہیں ہوتا لیکن کاغذات میں دکھایاجاتاہے ۔انہوں نے کہا کہ سرکار اس سلسلہ میں ایک کمیٹی تشکیل دے جو ضلع پونچھ کے اندر محکمہ فلڈ اینڈ کنٹرول کی طرف سے کئے گئے تمام کاموںکا موقعہ پر جا کرجائزہ لے اور یہ دیکھاجائے کہ زمینی سطح پر کتنے کام ہوئے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ اس سلسلہ میں ویجی لینس سے تحقیقات کروائی جانی چاہئے ۔