عازم جان
بانڈی پورہ//بانڈی پورہ کے نالہ مدھومتی میں تاریخی گولڈن ٹراوٹ مچھلی ناپید ہورہی ہے ۔سرکار اور محکمہ فشریز نے لذیذ ٹراوٹ مچھلی کوبچانے میں مبینہ لاپرواہی برتی ہے، جس کی وجہ سے نالہ مدھومتی کے شفاف پانیوں میں ٹراوٹ مچھلی قلیل تعداد میں دکھائی دے رہی ہے۔ اگر سرکار اور محکمہ فشریز کا وطیرہ نہیں بدلا تو یہ معمولی تعداد بھی ناپید ہوگی۔نالہ مدھومتی میں سنہرے رنگ کی ٹراوٹ مچھلی لاشن پنجن منبع سے لیکر آٹھوتو، پانار ، گذربل ، درمہامہ ، سنر ونی، کلوسہ، ناتھ پورہ، زالون تک بکثرت پائی جاتی تھی اور 90 سے قبل آٹھوتو ،گذربل ،سنر ونی کے مقامات پربیروانی ممالک کے سیاح ودیگرسیلانی محکمہ فشریز سے اجازت حاصل کرنے کے بعد ٹرائوٹ مچھلیوں کا شکار کرنے آتے تھے ۔ نامساعد حالات میں بھی تھوڑے تھوڑے سیاح ٹرائوٹ مچھلی کا شکار کرنے کیلئے آتے تھے۔ ٹرائوٹ مچھلی ٹھنڈے پانی میں زیادہ تر بسیرا کرتی ہے۔ اسلئے آٹھوتو سے آگے سنگم تری کے پہاڑی مقامات پر کثرت سے پائی جاتی ہے۔آٹھوتو ،پانار ،گزربل ،سنروانی اورکلوسہ زالوا میں بھی کثرت سے ہوتی تھی ۔ اب چونکہ پہلے منی ہائیڈل پروجیکٹ آٹھوتو کی وجہ سے ٹرائوٹ مچھلیوں کی پیداوار بری طرح سے متاثر ہوئی، رہی سہی کسر کشن گنگا پروجیکٹ کی وجہ پوری ہوگئی۔ منی ہائیڈل پروجیکٹ آٹھوتو کو ضرورت کے مطابق ستمبر کے مہینے سے پانی نہیں مل رہا ہے جس کی وجہ سے آٹھوتو کے مقام پرتمام پانی کے بہاوکو موڈ کر نہر کے ذریعے پانی کو پاور ہاوس کے نزدیک ذخیرہ کرتے ہیں ۔اس طرح سے نالہ مدھومتی کا لگ بھگ دوکلومیٹرگزربل تک کا فاصلہ خشک رہتا ہے۔ یہ سلسلہ اپریل کے مہینے تک جاری رہتا ہے۔ چونکہ اب کشن گنگا ہائیڈل پروجیکٹ کا پانی کرالہ پورہ کے مقام پر خارج ہوکر نالہ بونار میں جاکر سنروانی آرمی کیمپ کے پاس نالہ مدھومتی کے ساتھ مل جاتاہے جس کی وجہ سے سنروانی سے آگے کلوسہ پل تک اونچے واٹر فال تعمیر ہوئے ہیں اور مچھلیوں کے آنے جانے کیلئے راستہ نہیں رکھا گیا ۔سنروانی کے دکاندار، محمدشفع وانی نے کشمیر اعظمی کو بتایا کہ واٹرفال تعمیر ہونے کے وقت مچھلیوں کے آنے جانے کیلئے راستہ میسر نہیں رکھا گیا۔ اس سے بھی ٹرائوٹ مچھلیوں کے پیداوار پر مضر اثر پڑا ۔ سنر ونی کے ہی عمررسیدہ بزرگ غلام حسن ملک نے بتایا کہ فوجی کیمپ سے آگے اگست کے بعد پانی کی سطح کم ہوتی ہے تو ٹریکٹر والے اور ٹپر والے دوران رات غیر قانونی طور پر سنرونی سے لیکردرمہامہ گزربل کنوسہ وآٹھوتو تک ریت اور باجری نکالتے ہیں جبکہ کوئی روک ٹوک نہیں ہے، اس عمل سے نالہ مدھومتی میںآلودگی پیدا ہوتی ہے جس سے ٹرائوٹ مچھلیوں کے نشوونما پر مضر اثر پڑتا ہے۔ بانڈی پورہ کے لوگ لیفٹیننٹ گورنر منوج سہنا سے مطالبہ کرتے ہیں کہ نالہ مدھومتی میں سنہرے رنگ کے ٹراؤٹ مچھلیوں کا وجود بچانے کے لئے فوری طور پر ممکن قدم اٹھانے کے لئے توجہ مبذول کریں ۔