جموں//نائب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر نرمل سنگھ نے جموں کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے وہاں ہاتھ میں لئے گئے ترقیاتی پروجیکٹوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔جنرل بس سٹینڈ میں تعمیر ہورہے کثیر المنزلہ پارکنگ اور کمرشل کمپلیکس مقام کا دورہ کرنے کے دوران نائب وزیر اعلیٰ کو جانکاری دی گئی کہ201 کروڑ روپے لاگت والے اس پروجیکٹ پر کام شدو مد سے جاری ہے اور اسے نومبر2018 تک مکمل کیا جائے گا۔ انہیں بتایاگیا کہ اس پروجیکٹ میں ایک بس ٹرمینل اور1500 گاڑیوں کے لئے پارکنگ کی گنجائش ہونے کے ساتھ ساتھ دکان اور فوڈ کورٹ بھی موجود ہوں گے۔مہا راجا ہری سنگھ جی میموریل پارک کے دورے کے دوران انہوں نے وہاں سولر لائٹس نصب کرنے کے کام کا جائیزہ لیا۔نائب وزیر اعلیٰ نے توی دریا کی طرف سے پارک کی تار بندی کی بھی ہدایت دی۔دریں اثنا نائب وزیر اعلیٰ نے جے ڈی اے کالونی بیرپور کا بھی دورہ کیا اور ترقیاتی کاموں کا جائیزہ لیا۔ انہیں بتایا گیا کہ اس کالونی میں730 پلاٹ ہوں گے اور بجلی کھمبے لگانے کا کام مکمل کیا جاچکا ہے جبکہ دیگر ترقیاتی کام تکمیل کے مختلف مراحل سے گذر رہے ہیں۔نائب وزیر اعلیٰ نے کلیدی نوعیت کے پروجیکٹوں کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لئے کام میں تیزی لانے کی بھی ہدایات دی۔ انہوں نے کہا کہ ترقیاتی پروجیکٹوں میں تیزی، بہتر حکمرانی اور رشوت خوری سے پاک انتظامیہ کی فراہمی کی طرف توجہ دی جارہی ہے۔وی سی جے ڈی اے راجیش کمار شاون، اے ڈی سی ڈاکٹر ارون منہاس کے علاوہ کئی دیگر افسران بھی نائب وزیر اعلیٰ کے ہمراہ تھے۔