اننت ناگ //کووِڈ – 19 کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر ضلع اننت ناگ کے صدر اسپتال کا او پی ڈی بند کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے علاج کیلئے آنے والے غریب مریضوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔جموں وکشمیر میں کورونا وائرس کے کیسیز میں آئے روز اضافے کے بیچ اننت ناگ کے سرکاری میڈیکل کالج کی او پی ڈی کو فی الحال بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاہم ایمرجنسی جراحی کے علاوہ دیگر ضروری خدمات جاری رہیں گی۔اسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد اقبال نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظر اسپتال کا او پی ڈی فی الحال بند کیا گیا ہے البتہ لازمی سروسز چالو ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے اقدام سے اسپتال پر مریضوں کے دبائو کو کم کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ مریض کسی بھی مسئلے پر ڈاکٹر سے فون پر رابط قائم کر سکتے ہیں اس کے علاوہ وٹس ایپ و دیگر ذرائع سے بھی معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔انہوں نے مریضوں سے اسپتال انتظامیہ سے تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔