مینڈھر//ممبر اسمبلی مینڈھر جاوید احمد رانا نے حکومت پر زور دیاہے کہ مینڈھر حلقہ کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دیاجائے ۔ ساگرہ میں عوام کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے رانا نے کہاکہ سرکار بری طرح ناکام ہو چکی ہے اور پی ڈی پی اور بی جے پی نے وہ کام نہیں کئے جن کے وعدے کئے گئے تھے ۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی اور پی ڈی پی کی مخلوط سرکار ہر محاذ پر ناکام ہے اور لوگوں کے مسائل میں روز افزوں اضافہ ہورہاہے ۔انہوں نے مانگ کی کہ مینڈھر کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دیاجائے کیونکہ گذشتہ کئی مہینوں سے بارشیں نہ ہونے کی وجہ سے زمیندار طبقہ بری طرح سے متاثر ہواہے ۔انہوںنے کہاکہ پانی کے تمام چشمے خشک ہو گئے ہیں اور زمینی سطح پر لوگوں کو پانی نہیں مل رہا ہے لہٰذا فوری طور مینڈھر اسمبلی حلقہ کو خشک سالی سے متاثرہ علاقہ قرار دیاجائے اور پانی کی سپلائی کاکوئی متبادل انتظام کیاجائے ۔انہوںنے کہاکہ سب سے زیادہ خشک سالی اسی سال ہوئی ہے جس کا محکمہ نے بھی بگل بجادیا ہے لہٰذا سرکار فوری طور کوئی متبادل بندو بست کرے تاکہ لوگوں کو پریشانیوں کا سامنا نہ کرناپڑے ۔رانا نے کہاکہ مینڈھر میں پانی کی پائپیں خستہ ہیں اور لوگ پانی کی ایک ایک بوند کو ترس رہے ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ متعلقہ محکمہ کے پاس اتنی گاڑیاں بھی نہیں جن کے ذریعہ پانی سپلائی کیاجاسکے ۔