مینڈھر میں جام عام ہو گیا ،مسافر پریشان | پولیس و ٹریفک حکام پر ناکام ہو نے کا الزام

جاوید اقبال
مینڈھر //مینڈھر قصبہ میں ٹریفک جام اب معمول بن گیا ہے جس کی وجہ سے مسافروں کیساتھ ساتھ تاجروں و عام مکینوں کو بھی کئی طرح کے مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔مکینوں نے جموں وکشمیر پولیس اور ٹریفک حکام پر الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ ٹریفک قوانین کو پوری طرح سے لاگو کروانے میں مقامی انتظامیہ پوری طرح سے ناکام رہی ہیں جس کی وجہ سے قصبہ کی گلیوں میں اکثر غیر قانونی طورپر پارکنگ کی جارہی ہے ۔انہوں نے بتایا کہ قصبہ میں بڑی گاڑیاں ،ٹرک اور ٹریکٹر ٹرالیاں قصبہ میں داخل ہو جاتی ہیں جبکہ مذکورہ گاڑیوں کیلئے صبح اور شام کا وقت مقرر کیا گیا ہے لیکن حکام کی لاپرواہی کی وجہ سے مذکورہ گاڑیاں جام کی اصل وجہ بن گئی ہیں ۔تاجروں نے بتایا کہ قصبہ میں جام کی وجہ سے ان کا کاروبار متاثر ہورہا ہے جبکہ جموں وکشمیر پولیس سے کئی مرتبہ شکایت درج کروائی گئی لیکن حکام کی ناکامی کی وجہ سے روزانہ جام جیسی صورتحال بنی رہتی ہے ۔انہوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ قصبہ میں ٹریفک قوانین کو لاگو کروانے کیلئے پولیس و ٹریک حکام کو متحرک کیا جائے ۔