مینڈھر میں اراضی تنازعہ کے دوران آپسی لڑائی،7 افراد زخمی

جاوید اقبال

مینڈھر// پونچھ ضلع کی تحصیل مینڈھر میں گزشتہ رات اراضی تنازعے کے سلسلہ میں دو گروپوں میں آئے تصادم کے دوران 7 افراد زخمی ہو گئے۔ مقامی ذرائع نے بتایا کہ مینڈھر سب ڈویژن ہیڈ کوارٹر سے منسلک گاوں ڈھرانہ میں گزشتہ رات اراضی تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان تصادم ہوا، جس کے بعد 07 افراد زخمی ہو گئے۔انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے تین افراد کو ابتدائی مرحم پٹی کے بعد گورنمنٹ میڈیکل کالج اور ہسپتال راجوری منتقل کر دیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ پہلے گروہ کے زخمیوں کی شناخت محمد حسین، محمد ابراہیم ، محمد خالد، محمد یوسف اور محمد عمران کے طور پر ہوئی ہے جبکہ دوسرے گروہ کے زخمیوں کی شناخت محمد رمضان اور محمد کبیر کے طور پر ہوئی ہے۔مقامی ذرائع نے بتایا کہ پہلے گروہ میں سے تین زخمیوں کو محمد خالد، محمد یوسف اور محمد عمران کو شدید زخمی حالت میں گورنمنٹ میڈیکل کالج راجوری منتقل کیا گیا ہے۔
ادھر مقامی انتظامیہ اور پولیس افسران نے جائے وقوعہ کا دورہ کر کے صورتحال کا جائزہ لیا وہیں ایک مقدمہ درج کر کے دونوں فریقین کے مابین تنازعے کی وجوہات کا پتہ لگایا جا رہا ہے۔