میرواعظ کی مسلسل خانہ نظربندی باعث تشویش: انجمن اوقاف جامع

سرینگر//انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر نے متبرک ماہ رمضان کی آمد پر مسلمانان عالم خاص طور پر اہلیان جموںوکشمیرکو دلی تہنیت اور مبارکباد پیش کیا ہے ۔ایک بیان میں انجمن نے کہا کہ ماہ رمضان کے پہلے جمعتہ المبارک کے موقعہ پر حسب روایت شہر ودیہات سے بھاری تعداد میں عوام جس میں مرد خواتین اور نوجوان شامل تھے مرکزی جامع مسجد سرینگر میں نماز جمعہ ادا کرنے کے ساتھ بارگاہ خداوندی میں سربسجود ہوئے تاہم انجمن کے سربراہ میرواعظ کشمیر کی عدم موجودگی پر انہیں شدید مایوسی اور اضطراب کا سامنا کرنا پڑا۔اس دوران انجمن کے ترجمان نے تقریر کرتے ہوئے میرواعظ کی نظربندی کو لیکر سخت ردعمل اور برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں یہ پہلا مرحلہ ہے کہ جب مسلسل تقریباچار سال سے کشمیر کی سب سے بڑی عبادت گاہ اور رشدو ہدایت کے مرکزجامع مسجد سرینگر کے منبر و محراب خاموش ہیں اور میرواعظ کی نظر بندی کے سبب امسال بھی متبرک ماہ رمضان میں قال اللہ وقال الرسول ؐ سننے کیلئے لوگ ترس رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ یہ مذہبی معاملات میں صریح مداخلت ہے جوکہ افسوسناک ہے ۔اس مرحلے پر عوام نے ہاتھ اٹھا اٹھا کر میرواعظ کی غیر قانونی اور غیر اخلاقی نظر بندی کی شدید مذمت کی اور اس طرز عمل کیخلاف سخت صدائے احتجاج بلند کیا۔