بانہال // بومبرن باغ کاشر بزم ادب مہو منگت ، تحصیل کھڑی ضلع رام بن کی طرف سے اتوار کو گورنمنٹ ہائر سکینڈری اسکول مہو میں یک روزہ کشمیری ادبی کانفرس منعقد ہوئی۔ اس موقع پر شعرا قلمکار اور ادیب موجود تھے ۔کانفرس میں تین نشستوں کا انعقاد کیا گیا۔پہلی نشست میں’’ بومبرن باغ کاشر بزم ادب‘‘ افتتاح ریاست کے نامور کشمیری شاعر ادیب اور وادی چناب میں کشمیری زبان و ادب کی ترویج کے لئے کام کرنے والے کلچرل رضا کار شبیر حسین شبیر نے کیا۔ دوسری نشست محفل اعزاز پر مشتمل تھی جس میں بومبرن باغ کاشر بزم ادب مہو منگت کی طرف سے موصوف کو ان کی کشمیری فنی و ادبی خدمات کے لئے ثقافتی اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر کشمیری زبان و ادب کی ترقی و ترویچ اور خطہ چناب میں اس کی اہمیت و افادیت پر نامور شعرا و ادبا نے اپنی آرا پیش کیں جن میں حاجی غلام محمد بٹ ، مولوی فیاض احمد ، عبدالحمید شیخ ، فانی ایاز گولوی ، فارق شاہین اور عنایت گل شامل تھے۔تیسری نشست میں کشمیری مشاعرے کا انعقاد کیا گیا۔مشاعرے کی صدارت شاعر اور کشمیر مرکز ادب و ثقافت کے جنرل سیکر ٹری عنایت گل نے کی۔اور اس موقع پر وادی کے ادیب اور ساہتیہ اکیڈمی ایوارڈ یافتہ شاعراور ادارہ تحقیق و ادب کے صدر فاروق شاہین مہمان خصوصی کے طور موجود تھے۔ جن شعراء نے مشاعرے میں حصہ لیا ان کے اسماء گرامی گل جان ، دلاور کھانڈے ، علی محمد شیخ ، بلال وانی ، بمبور یوسف بٹ ، حاجی علی محمد شیخ ، حاجی غلام محمد بٹ ، اشفاق احمد نائیک ، فیاض احمد بٹ ، فانی ایاز گولوی ، فاروق شاہین ، شبیر حسین شبیر اور عنایت گل شامل ہیں ۔پروگرام کی نظامت تنظیم کے صدر بمبور یوسف ’ ماسٹر محمد یوسف بٹ‘ نے کی۔واضح رہے کہ مہو منگت حلقہ انتخاب بانہال کا ایک دور افتادہ علاقے ہے اور یہاں رسل و رسائل اور دیگر بنیادی ڈھانچہ نا کے برابر ہے ۔ سرسبز جنگلوں ، چراگاہوں اور چشموں سے بھرے اس دور پہاڑی علاقے میں ایسی کانفرنس کا انعقاد ادب کے لحاظ سے ایک حوصلہ افزاء بات ہے جس کیلئے مقامی منتظم ، ادیب شاعر اور ادب نواز مبارک کے مستحق ہیں۔