مہاجر پنڈت ملازمین کیلئے رہائش کی تعمیر سرینگر اور اننت ناگ میں 80کنال اراضی منتقل

بلال فرقانی

سرینگر// حکومت نے وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات نقل مکانی کرنے والے کشمیری سرکاری ملازمین کے لیے ضلع سرینگر اور اننت ناگ میں عارضی رہائش گاہ تعمیر کرنے کے لیے محکمہ انتظام آفات سماویٰ ریلیف، بحالی اور تعمیر نو کے محکمے کے حق میں 80 کنال 04 مرلہ زمین کی منتقلی کی۔محکمہ مال کے سیکریٹری ڈاکٹر پیوش گوئل کی جانب سے جاری آرڈر میں کہا گیا ہے کہ ’’ ڈیزاسٹر مینجمنٹ ریلیف، بحالی اور تعمیر نو محکمے کے حق میں شاملات دیہہ (محفوظ کاہچرائی) کی 80 کنال04 مرلہ اراضی کی منتقلی کی منظوری دی گئی ہے جو کہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت تعینات کشمیری مہاجر سرکاری ملازمین کے لیے ٹرانزٹ رہائش کی تعمیر کے لیے ہے۔ ‘‘

 

حکم نامہ کے مطابق اس اراضی میںسرینگر کے زیون پانتھ چوک میں20کنال اور اننت ناگ کے رنبیر پورہ مٹن میں60کنال4مرلہ شامل ہیں۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ اراضی کی منتقلی مشروط ہوگی۔ حکم نامہ میں کہا گیا ہے کہ زمین صرف اس مقصد کے لیے استعمال کی جائے گی جس کے لیے منتقلی کی منظوری دی گئی ہے جبکہ زمین کو مجاز اتھارٹی سے دیگر تمام اجازت نامے حاصل کرنے کے بعد استعمال میں لایا جائے گا جو اس کی تعمیر کے لیے درکار ہو ۔آرڈر کے مطابق اجازت محکمہ مال ،جنگلات ،جے اینڈ کے آبی وسائل (ریگولیشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ، 2010،محکمہ مکانات و شہری ترقی وغیرہ سے متعلق قوانین کی دیگر دفعات کی پابندی سے مشروط ہوگی۔ محکمہ مال کے سیکریٹری کا کہنا ہے کہ مذکورہ اراضی کے استعمال کے سلسلے میں جموں و کشمیر کے ہائی کورٹ یا کسی دوسری مجاز عدالت کی ہدایات کی تعمیل کرنا ، اراضی کواستعمال کرنے والے محکمہ کی ذمہ داری ہوگی۔آرڈر میں کہا گیا ہے کہ مجاز اتھارٹی کی پیشگی منظوری کے بغیرکسی دوسرے مقصد کے لیے منتقل شدہ اراضی کو تبدیل نہیں کیا جائے گا۔ حکومت کو محکمہ سے زمین کے کسی بھی غیر استعمال شدہ حصے کو دوبارہ حاصل کرنے کا حق محفوظ ہے اگر کسی دوسرے عوامی مقصد کے لیے اس کی ضرورت ہو۔