مڑواہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں زیرعلاج مریض | دوسرے روز بھی ہوائی سروس نہ ملنے کے سبب منتقل نہ ہوسکا ،عوام سراپا احتجاج

عاصف بٹ
کشتواڑ// ضلع کشتواڑ کے دورافتادہ علاقہ مڑواہ میں مقامی لوگوں نے انتظامیہ کے خلاف جم کراحتجاج کیا۔ یہ احتجاج زیر علاج مریض کو ہوائی سروس نہ ملنے کو لیکر ہوا جبکہ دوسرے روز بھی احتجاج جاری رہا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ کمیونٹی ہیلتھ سینٹر میں مریض کو علاج کیلئے داخل کیا گیا تاہم وہاں کوئی ڈاکٹر ہی دستیاب نہیں تھاجسکے بعد اسے مزید علاج و معالجے کیلئے ضلع ہسپتال منتقل کیا گیاتاہم مریض دن بھر ہوائی جہاز کے انتظار میں ہوائی اڈے پررہا جسکے بعد مقامی لوگوں نے جم کر انتظامیہ کے خلاف نعرے بازی کی اور مریض کو ہیلتھ سینٹر میں رکھ کر احتجاج رات بھر جاری رکھا۔ مقامی لوگوں نے بتایا کہ احتجاج کو تب تک جاری رکھا جائے گا جب تک نہ انتظامیہ انکے مطالبات کو پورا کریگی۔انہوںنے کہا کہ اگرچہ انہوںنے مریض کو ایرلفٹ کرنے کا مطالبہ کیا تھا لیکن اسکے باوجود مریض کو ایرلفٹ نہیں کیا گیا۔انکاکہناتھا کہ اگر ہوائی جہاز واڑون و پاڈربھیجاجاسکتا تھا تو مریض لینے کیلئے مڑواہ کیونکر نہیں بھیجا جاسکتا ہے۔دوسرے روز بھی خراب موسمی صورتحال کے سبب مریض کو ضلع ہسپتال منتقل نہیں کیا گیا۔انھوں نے بتایا کہ مڑواہ و واڑون میں ڈاکٹردستیاب ہی نہیں ہے۔ اگرچہ انتظامیہ نے علاقے میں طبی نظام کی بہتری کیلئے ڈاکٹروں کو پندرہ روز کیلئے تعینات کرنے کا فیصلہ لیاتھا جسکی ہرطرف سراہناکی جارہی تھی لیکن ڈاکٹروں کی من مانی اسقدر ہے کہ ڈاکٹر پندرہ روز تک رہناگوارا نہیں کرتے ہیں۔انہوںنے بتایا کہ ان ڈاکٹر وںکے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جانی چاہئے ، اگر دیگر طبی عملہ ہیلتھ سینٹر میں دستیاب ہوتا ہے تو کیونکر ڈاکٹرموجود نہیں ہوتے جبکہ ضلع انتظامیہ و بی ایم او کوئی قدم نہیں اٹھارہے ہیں۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ مڑواہ و واڑون میں لوگ سخت مشکلات سے دوچار ہورہے ہیں۔انھوں نے لیفٹیننٹ گورنر انتظامیہ سے فوری طور بنیادی سہولیات کو فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ مریضوں کو بروقت علاج میسر ہوسکے۔